رمضان المبارک رحمت و برکت والا مہینہ ہے
قرآن کریم آسمانی کتابوں میں واحد کتاب ہے جسکو مکمل طور سے یاد کیا جا سکتا ہے۔مولانا راشد علی

دیوبند، 13؍ اپریل (رضوان سلمانی) ماہ رمضان المبارک میں قرآن پاک سننے کا عمل مسجدوں و گھروں میں جاری ہے، رمضان المبارک کے پہلے عشرے (یعنی دس) دن میں ترا ویح ختم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ شب محلّہ خانقاہ نظر منزل میں شاہنواز عثمانی کے ذریعے دس دن کی تراویح کا اہتمام کیا گیا، حافظ محمد طلحہ نے سنایا جبکہ محمد فرحان نے سنا،اس موقع پر دعائیہ مجلس کا انعقاد بھی کیا گیا،
دارلعلوم دیوبند کے شعبہ تنظیم و ترقی کے ناظم اعلیٰ مولانا سید راشد علی نے دعا کرائی، اس سے پہلے مجلس کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کو اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں اتارا یعنی نازل کیا، قرآن پاک محبت و انسانیت کا پیغام دیتا ہے، انسان سے انسان کومحبت کرنا سکھاتا ہے، انسان کو انسان بنانا سکھاتا ہے، مولانا نے کہا کہ قرآن کریم آسمانی کتابوں میں واحد کتاب ہے جسکو مکمل طور سے یاد کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ کوئی ایسی کتاب نہیں جسکو زبانی یاد کیا سکتا ہو،
انہوں نے خصوصی طور پر نئی نسل سے کہا کہ آپ لوگ بہت خوش نصیب ہیںکہ آپ دارلعلوم دیوبند جیسی سرزمین پر پیدا ہوئے، دارلعلوم دیوبند کی بشارت بانی دارالعلوم دیوبند حاجی محمد عابد صاحب دیوبندی کو خواب میں ہوئی تھی کہ دیوبند سے علم کی خوشبو آ رہی ہے، آپ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنا چاہیے، مولانا راشد علی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ماہ رمضان میں خصوصی رحمت و برکت عطا فرماتے ہیں، اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ قرآن پاک کو پڑھنا چاہئے اور سننا چاہئے، اس مہینے میں جتنا ہو سکے عبادت کرنا چاہئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اس ماہ میں ایک نیکی کے بدلے ستتر نیکیاں ملتی ہیں، اپنے گناہوں کی اللہ تعالیٰ سے رو رو کے معافی مانگیں اور دعا کریں،اس موقع پر نظر فاؤنڈیشن کے چیئرمین نجم عثمانی نے بتایا کہ رمضان ماہ میں تراویح کا سلسلہ گھر پر والد مرحوم نظر عثمانی نے اب سے تیس سال پہلے کیا تھا جو کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے چل رہا ہے اور انشا ء للہ آگے بھی چلتا رہیگا،
مولانا سید راشد علی نے خطاب کے بعد ملک و ملت کی سلامتی کے لیے دعا کرائی، اس موقع پر نجم عثمانی، نوشاد عثمانی، دلشاد عثمانی، شاہنواز عثمانی، قاری طیب، قاری صغیر، ڈاکٹر محفوظ، ڈاکٹر انیس، انجم عثمانی، قمر عثمانی، ڈاکٹر جمیل، عرشی خان، ساجد حسین، ڈاکٹر فصیح، مزمل، مذکر، سہیل فاروقی، سرور دیوبندی، باصر حسین، محمد عیسیٰ، محمد کوکب، دانیال، ہمدان، شارق حسین، عبداللہ شہزاد، نبیل نوشاد، حاذق، حبان، شمیم، محمد محمود، محمداعظم، گڈو، سلمان، نبیل احمد، مسعود احمد وغیرہ نے شرکت کی۔