جھارکھنڈ

دیوگھر : پی ایم مودی کے ہاتھوں دیوگھر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح

دیوگھر ؍رانچی،12جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو جھارکھنڈ کے دیوگھر میں نئے تعمیر شدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے اور دیوگھر ایمس کو ملک کے نام وقف کیا۔ انہوں نے دیوگھر کے زیر اہتمام ایک شاندار پروگرام میں دیوگھر ہوائی اڈے سے کولکاتہ جانے والی انڈیگو ایئر لائن کو ہری جھنڈی بھی دکھائی۔ وزیر اعظم نے جھارکھنڈ میں ہائی ویز، ریلوے اسٹیشنوں کی جدید کاری، گیس بوتلنگ پلانٹ سمیت 16,800 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پروجیکٹ جھارکھنڈ کی تقدیر بدل دیں گے۔ اس کے ذریعے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘ کے تصور کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیمیں جھارکھنڈ کے جدید کنکٹیویٹی، توانائی، صحت، عقیدے اور سیاحت کو کافی حوصلہ دیں گی۔اس موقع پر موجود مرکزی شہری ہوابازی کے وزیرجیوتی رادتیہ سندھیا نے کہاکہ جھارکھنڈمیں دمکا،بوکارو اورجمشید پورکے ہوائی اڈوں کو بھی جلد ہی فعال کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی چپل پہننے والوں کے لئے آسان ہوائی سفر کے وزیر اعظم مودی کے وژن کو پورا کرنے کی طرف یہ ایک ٹھوس قدم ہے۔اس پروگرام میں جھارکھنڈ کے گورنر رمیش بیس،وزیراعلیٰ ہیمنت سورین، مرکزی وزیر ارجن منڈا،مرکزی وزیر مملکت اناپورنا دیوی، رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے بھی موجود تھے۔دیوگھرہوائی اڈہ رانچی کے بعد جھارکھنڈ کا دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے۔ پہلے مرحلے میں یہاں سے اندرون ملک پروازیں شروع کی گئی ہیں۔ یہ ہوائی اڈہ تقریباً 400 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس میں ڈی آر ڈی او کا 50 فیصد حصہ ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ ایئرپورٹ اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بھی بہت اہم ہوگا۔

ہوائی اڈے کی عمارت پر دنیا کے مشہور بابا بید ناتھ مندر کاعکس تیار کی گئی ہے۔اس ہوائی اڈے کا آن لائن سنگ بنیادمودی نے25 مئی2018 کورکھا تھا۔قابل ذکرہے کہ دیوگھرمیں ہرسال ساون میں ایک مہینے تک ایک بہت بڑا شروانی میلہ لگایا جاتا ہے،جس میں بہار،جھارکھنڈ،اترپردیش کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ عقیدت مند پہنچتے ہیں۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button