دیوبند

پرینکا گاندھی کو نوٹس بھیجنے پر کانگریس کارکنان میں ناراضگی : بی جے پی حکومت عوام کے مفاد میں کام چھوڑ کر بدلے کی بھائونا سے کام کررہی ہے : سعد صدیقی

دیوبند، 3؍ جولائی (رضوان سلمانی) پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ اور کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو سرکاری بنگلہ خالی کرانے کا نوٹس بھیجنے پر کانگریسی کارکنان میں زبردست ناراضگی ہے ۔ کانگریس لیڈران نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی حکومت عوام کے مفاد میں کئے جانے والے کام کو چھوڑ کر بدلے کی بھائونا سے کام کررہی ہے ۔ اس سلسلے میں کانگریس کے نوجوان لیڈر سعد صدیقی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری اور اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاکر بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومتیں سازش کے تحت انہیں پریشان کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔ سعد صدیقی نے کہا کہ مرکز اور ریاستی سرکار بدلے کی بھائونا سے کام کررہی ہے جس کے سبب کانگریس لیڈران کو نشانہ بنارہی ہے ۔

[ads1]

انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو کو پولیس نے گزشتہ دنوں ریاستی حکومت کے اشارے پر قانون پر طاق پر رکھتے ہوئے جیل میں ڈالے رکھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ریاستی حکومت کی نظروں میں ملک کے قانون کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملک کے حالات پر مرکزی حکومت ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کا کام کررہی ہے ۔ گلواں گھاٹی میں چین کی گھس پیٹھ کو بھی چھپانے کا کام کیاجارہاہے۔ سعد صدیقی نے کہا کہ جب پورا ملک کرونا جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہے ایسے میں مرکزی حکومت زمینی سطح پر ملک کے عوام کی مدد کرنے کے بجائے سیاسی روٹیاں سیکنے کا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری حزب اختلاف کی سیاسی جماعتیں مشکل کی اس گھڑی میں مرکز کے ساتھ کھڑے ہوکر ملک کے عوام کی مدد کرنے کو تیار ہیں لیکن حکومت اپنی من مانی پر اترکر ایسے فیصلے لے رہی ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے ۔ سعد صدیقی نے کہا کہ جلد بازی میں ملک میں لگائے گئے لاک ڈائون کی وجہ سے کروڑوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں ، حکومت انہیں روزگار دینے کے بجائے صرف بیان بازی کرکے اپنی ذمہ داری ادا کررہی ہے ۔ جب کہ آج سب سے زیادہ ضرورت بے روزگاروں کو سہارا دینے کی ہے ۔ انہو ں نے یہ بھی کہا کہ صرف چینی مصنوعات اور ایپس بند کردینے سے اس کا حل نہیں نکل سکتا ، جب کہ چین کے ذریعہ بڑی بے رحمی کے ساتھ شہید کئے گئے ہمارے 20فوجیوںکا بدلہ پورا نہیں ہوتا ۔

[ads2]

انہوں نے مرکزی سرکار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چین کو دبی زبان میں جواب دینے کا یہ وقت نہیں ہے بلکہ ہمت کے ساتھ آگے بڑھ کر اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے ۔ سعد صدیقی نے کہا کہ موجودہ وقت میں بین الاقوامی بازار میں پیٹرولیم کی قیمتیں سب سے نچلی سطح پر ہیں لیکن ہندوستان میں لگاتار قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مرکزی حکومت پیٹرولیم کمپنیوں سے ساز باز کرکے قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت ہر مورچے پر ناکام ثابت ہوئی ہے ، حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی مخالفت کانگریس کررہی ہے اسی وجہ سے پرینکا گاندھی کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔

[ads4]

انہوں نے کہا کہ یہ بنگلہ پرینکا گاندھی واڈرا کو سیکورٹی کے پیش نظر یہ بنگلہ دیا گیا تھا اس لئے اس نوٹس کو منسوخ کردیا جانا چاہئے۔سعد صدیقی نے کانپور کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانپور میں بدمعاشوں کے ذریعہ پولیس ٹیم پر جس بے رحمی کے ساتھ حملہ کیا گیا اور اس میں افسران سمیت 8پولیس اہلکار شہید ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں قانون نظم ونسق پوری طرح سے ختم ہوچکا ہے ۔ بدمعاشوں کا بول بالا ہے۔ سعد صدیقی نے سبھی ملک کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی گئی گائڈ لائن پر پوری طرح عمل کریں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close