دیوبند

دیوبند : بیرون ملک کے تبلیغی جماعت کے افراد کو وطن واپس بھیجنے کے احکامات کا انتظار

دیوبند، 29؍ جون (رضوان سلمانی) غیرملکی تبلیغی جماعتیوں کو واپس بھیجنے کے معاملے میں اب وزارت خارجہ کے احکامات پر نگاہیں ٹکی ہوئی ہیں ، سہارنپور انتظامیہ نے وزارت خارجہ کو مکتوب ارسال کرکے احکامات مانگے ہیں لیکن ابھی تک وزارت خارجہ سے کسی طرح کے احکامات موصول نہیں ہوئے ہیں۔ سہارنپور ضلع میں 57غیرملکی جماعتیوں کی واپسی کو لے کر کارروائی چل رہی ہے لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔ کرونا وائرس کو پھیلانے پر غیرملکی جماعتیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے ضلع بھر سے 57غیرملکی جماعتیوں کو گرفتار کرکے عارضی جیل میں بھیج دیا تھا جس میں کرغستان، انڈونیشیا، مالی، سیریا، ملیشیا، تھائی لینڈ، سعودی عرب اور دیگر بیرون ملک کے رہنے والے تبلیغی جماعت کے افراد شامل تھے۔

عدالت نے سبھی کو ایک ایک ماہ کی سزا سنائی تھی جس کے بعد 14جون کو سبھی تبلیغی جماعت کے افراد کو جیل سے رہا کردیا گیا تھا، اب وہ انبالہ روڈ پر واقع ایک وینکٹ ہال میں ٹھہرے ہوئے ہیں ۔ جہاں ان کے قیام وطعام کی ذمہ داری رکن پارلیمنٹ کے نمائندے محمد اوصاف گڈو اور ان کی ٹیم نے لی ہوئی ہے ۔ سبھی ممالک نے اپنے اپنے تبلیغی جماعت کے افراد کو سونپنے کے لئے انتظامیہ کو مکتوب بھی تحریر کئے تھے ۔ زیادہ تر غیرملکی تبلیغی جماعت کے افراد کے ویزہ ختم ہوچکا ہے،پہلے اس میں توسیع کی جائے گی ، اس کے بعد ان کے ہوائی جہاز کے ٹکٹ بنیں گے تب کہیں جاکر انہیں سرکار کی جانب سے ہری جھنڈی ملے گی ۔ واضح ہو کہ لاک ڈائون کی وجہ سے غیرملکی افراد اپنے وطن نہیں جاسکے تھے۔

وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جو جہاں پر ہے وہیں پر رکا رہے ، اس کے بعد تبلیغی جماعت پر کرونا پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا او رانہیں کورنٹائن کیا گیا، بعد میں انہیں سنگین الزامات لگاکر عارضی جیل بھیج دیا گیا اور پونے دوماہ کے بعد ان کو جیل سے رہائی ملی ، عدالت نے ضلع انتظامیہ کو سبھی غیرملکی افراد کو ان کے وطن بھیجنے کے انتظامات کرنے کو بھی کہا تھا ۔ اس دوران ملیشیاء، انڈونیشا، کرغستان وغیرہ کے سفارت خانوں نے وزارت داخلہ اور ضلع مجسٹریٹ سے غیرملکی افراد کے پاسپورٹ واپس دینے اور انہیں سفارت خانوں کے حوالے کرنے کے لئے خطوط لکھے تھے ۔ ضلع انتظامیہ نے اترپردیش حکومت اور وزار ت خارجہ سے گائڈ لائن مانگی تھی جس کا ابھی انتظار ہے۔ اس سلسلے میں ایس پی سٹی ونت بھٹناگر نے بتایا کہ ابھی غیرملکی جماعت کے افراد کو واپس بھیجنے کے لئے وزارت خارجہ سے احکامات طلب کئے گئے ہیں، حکومت کی ہدایت پر ہی آگے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیجئے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button
Close
Close