دیوبند

کاپی چیکنگ کے بعد یوپی بورڈ کارزلٹ کا اعلان تاخیر سے کیا جائے گا

دیوبند،6؍اپریل (رضوان سلمانی) جب بھی کو ئی مشکل وقت آتاہے توالرٹ رہنے سے زیادہ افواہوں کا دور شروع ہوجاتاہے۔اس طرح کی خبریں یا میسیج کی حقیقت سے ناواقف لوگ تذبذب کا شکار ہوجاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں سے ایک ایسی ہی خبر گشت کررہی ہے جس کی وجہ سے تقریباً 70لاکھ نوجوان تذبذب کا شکار ہیں یہ خبر یوپی بورڈ امتحانات2020سے متعلق ہے جس میں کہا گیاہے کہ کورونا وائرس کی خطرناک وبا کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈائون ہوجانے اور اجتماعی طورپر امور انجام دینے پر پابندی نافذ ہونے کی وجہ سے بورڈ امتحانات کی کاپیوں کی جانچ کا کام کیونکہ ممکن نہیں ہے اس لئے اس سال تمام طلبہ وطالبات کو صرف پاسنگ مارکس دے کر کامیاب قرار دے دیاجائے گا۔اس خبر سے وہ تمام طلبہ وطالبات اضطرابی کیفیت میں مبتلا ہیں جنہیں ھائر ایجوکیشن کے لئے آئندہ سال معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے لینے ہیں جہاں امتیازی نمبرات کی بنیاد پر داخلے لئے جاتے ہیں، لیکن اب بورڈ سکریٹری نے اس خبر کو قطعی بے بنیاد اورجھوٹ بتایا ہے اور کہا ہے کہ کوئی بھی طالب علم اس خبر پر یقین نہ کرے۔ دراصل امتحانات کے ختم ہوجانے کے بعد بورڈ امتحانات میں شریک تمام طلبہ وطالبات رزلٹ کاانتظار کرنے لگتے ہیں، لیکن اس سال کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرات کے مد نظر کاپی چیکنگ کاکام پلان کے مطابق نہیںہوسکا۔ لاک ڈائون کا اعلان ہونے کے بعد یوپی بورڈ نے بورڈ امتحانات کی کاپیوں کی چیکنگ کے کام کو بھی ملتوی کردیا تھا اس لئے امکان یہ ہے کہ اب رزلٹ کے آنے میں تاخیر ہوگی۔ مذکورہ تمام حالات کافائدہ اٹھاکر یہ خبر وائرل کی گئی کہ کووڈ 19کے سبب کاپی چیک کئے بغیر تمام طلبہ وطالبات کو پاس کردیاجائیگا۔ لیکن بورڈ سکریٹری کی جانب سے اب مذکورہ خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ حالات سازگار ہوجانے اور لاک ڈائون ختم ہوجانے کے بعد کاپیوں کی چیکنگ کاکام دوبارہ شروع کرایاجائیگا۔ اس لئے رزلٹ کا اعلان بھی تاخیر سے ہوگا۔ انہوں نے تمام طلبہ وطالبات سے کہا کہ وہ کسی بے بنیاداور جھوٹی خبر پر دھیان نہ دیں اور گھر پر رہ کر اپنے اگلے تعلیمی سیشن کی تیاری کرتے رہیں۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

جواب دیجئے

Back to top button
Close
Close