دیوبند

ضلع سہارنپورمیں نومنتخب پرمکھوں کو دلایا گیا حلف ، ریاستی حکومت گرام پنچایتوں کی ترقی کے لئے پابندِ عہد ہے: کنور برجیش سنگھ

دیوبند، 20؍ جولائی (رضوان سلمانی) آج ضلع سہارنپور میں نومنتخب پرمکھوں کو حلف دلایا گیا ، ضلع میں سب سے زیادہ سرخیوں میں رہے دیوبند بلاک پرمکھ انتخاب کے بعد آج بلاک پرمکھ اور پنچایت ممبران کو حلف دلایا گیا ۔ ایس ڈی ایم دیوبند راکیش کمارسنگھ نے نومنتخب بلاک پرمکھ ممتاتیاگی کو ان کے عہدے کا حلف دلایا ۔ اسی کے ساتھ ساتھ بہٹ اور دیگر بلاکوں میں بھی پرمکھوں کو حلف دلایا گیا۔ تفصیل کے مطابق جی ٹی روڈ پر واقع گائوں شہزاد پور کے نزدیک نتارا فارم ہائوس میں دیوبند بلاک پرمکھ ممتاتیاگی کو حلف دلایا گیا ۔ اس دوران دیوبند اسمبلی رکن کنور برجیش سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت گرام پنچایتوں کی ترقی کے لئے پابندِ عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوبند علاقہ کی ترقی کے لئے جو بھی ممکن ہوگا وہ کیا جائے گا۔ انہوں نے پنچایت الیکشن اور اس کے بعد بلاک پرمکھی کے الیکشن میں بی جے پی کارکنان کی جانب سے پارٹی مفاد میں کیا گیا کام قابل تعریف ہے۔ حلف برداری کے بعد ممتاتیاگی نے علاقہ کی ترقی کا عہد لیا اور کہا کہ وہ بغیر بھید بھائو کے علاقہ میں ترقی کرائیں گی۔ اس دوران ضلع کوآپریٹیو بینک کے چیئرمین چودھری راج پال سنگھ ، بلاک پرمکھ کے نمائندے وجے تیاگی، انل پرمکھ ، سندیپ شرما، وپن بھارتی، ارون گپتا وغیرہ موجود رہے۔ وہیں بہٹ کے مظفرآباد بلاک دفتر میں بی ڈی سی ارکان اور پرمکھ کو حلف دلایا گیا ۔ پروگرام کا انعقاد بہٹ کے سابق اسمبلی رکن مہاویر رانا کی صدارت میں منعقد کیا گیا ۔ ایس ڈی ایم بہٹ دپتی دیو یادو نے بلاک پرمکھ راکھی پنڈیر کو ان کے عہدے کا حلف دلایا ۔ اس کے بعد بلاک پرمکھ راکھی پنڈیر نے سبھی 144علاقہ کے پنچایت ارکان کو اجتماعی طور پر حلف دلایا ، حلف برداری کے بعد اپنی پہلی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب بلاک پرمکھ راکھی پنڈیر نے سبھی ارکان سے اپیل کی کہ ترقیاتی کاموں کے لئے وہ اپنے مشورے دیں تاکہ علاقہ کی ترقی کے کاموں کو انجام دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلاک کے دیہی علاقوں کا ترجیحات کی بنیاد پر ترقیاتی کام کرائیں گی جو علاقہ ترقی سے محروم ہے انہیں سب کا وکاس سب کا وشواس سے جوڑیں گی ۔ بی جے پی کے رکن صاحب سنگھ پنڈیر نے کہا کہ سیاست سے اوپر اٹھ کر علاقہ کی ترقی کے لئے حکومت ہر ممکنہ قدم اٹھا رہی ہے۔ ریاستی حکومت عوام کو سیدھا فائدہ پہنچانے والی اسکیمیں چلاکر انہیں فائدہ پہنچارہی ہیں۔ ایس ڈی ایم دپتی دیو یادو نے کہا کہ منتخب کئے گئے عوامی نمائندے علاقہ کی ترقی کے لئے پوری طرح وقف ہوکر بغیر بھید بھائو کے کام کریں ۔ بی ڈی او روی پرکاش سنگھ نے سبھی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا، پروگرام میں سہارنپور میئر سنجیو والیہ کے علاوہ بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان موجود رہے۔ دوسری جانب بلاک سڈولی قدیم کے نومنتخب بلاک پرمکھ اور علاقہ کے پنچایت ممبران کی حلف برداری کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ڈی ایم بہٹ دپتی یادو نے بی جے پی حمایت یافتہ نومنتخب بلاک پرمکھ چودھری وشواس اور ممبران کو حلف دلایا ۔ اس موقع پر نومنتخب بلاک پرمکھ چودھری وشواس نے کہا کہ بغیر بھید بھائو کے پورے علاقہ میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ گھاٹ علاقہ کے مسائل کو اہمیت کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے علاقہ کے سبھی پنچایت ممبران سے تعاون کے جذبے سے کام کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سابق اسمبلی رکن مہاویر رانا نے کہا کہ سبھی نومنتخب نمائندے حکومت کی جانب سے چلائی جارہی اسکیموں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرائیں اور بغیر بھید بھائو کے عوام کو ان کا فائدہ دلانے کا کام کریں۔ اس موقع پر صاحب سنگھ پنڈیر ،سابق بلاک پرمکھ ہنس راج گوتم، سبھاش چودھری، رنویرچودھری، رائو قیصر، سابق پرمکھ چودھری انعام، سی او بہٹ رام کرن سنگھ ، بی ڈی او روی پرکاش وغیرہ موجود رہے۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

Back to top button
Close
Close