دیوبند

گائوں کے تمام مسائل بلا تفریق حل کئے جائیں گے :ڈاکٹر رائو شارق

نو منتخب نوجوان پردھان نے گائو ں کے باشندوں سے بھرپور ترقیاتی کام کرانے کا وعدہ کیا

دیوبند،4؍اپریل (رضوان سلمانی) پنچایت الیکشن کے نتائج آنے کے بعد دیہی علاقوں میں نئی قسم کی ہل چل ہے ۔دیوبند کے قریبی گائوں اور گرام پنچایت بنہیڑہ خاص کے باشندہ ڈاکٹر رائو شارق بن رائو افتخار کامیابی حاصل کرکے پردھان بنے ۔نومنتخب پردھان رائو شارق نے پردھان کے عہدے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد وہاں موجود گائوں کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا تفریق گائوں کے ایک ایک شخص کی خدمت کریں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ گائوں میں جن لوگوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہیں ان کے راشن کارڈ بنوائے جائیں گے اور بیوائوں ،معذوروں اور ضعیف العمر افراد کو پینشن دلائی جائے گی ۔اس کے علاوہ جن لوگوں کے پاس اپنا ذاتی مکان نہیں ہے انہیں سرکاری مکانات تعمیر کرکے دئے جائیں گے اور گائوں کے چاروں طرف سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا ۔ نومنتخب 25سالہ نوجوان پردھان شارق نے بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد کئی نسلوں سے سماجی خدمت انجام دیتے آئے ہیں اسلئے میں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سماجی خدمات بلا تفریق انجام دوں گا ۔یاد رہے کہ ڈاکٹر رائو شارق دیوبند کو ضلع بنائو مہم کے وقت تنظیم کے صدر اور اپنے چچا رائو مشرف علی کے ساتھ دیوبند سے لکھنؤ تک پیدل مارچ میں بھی ساتھ رہے تھے ۔اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ گائوں میں آپسی بھائی چارہ کو قائم رکھنے کیلئے ترجیح دی جائے گی اور گائوں کے تما م تنازعات کو گائوں میں ہی حل کیا جائے گا ۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ غریبوں ،لاچار اور بے سہارا لوگوں کے کندھے سے کندھا ملاکر 24گھنٹے عوامی مسائل کے حل اور ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے موجود رہیں گے ۔اسی دوران ایک جذباتی منظر بھی دیکھنے کو ملا جب نو منتخب ڈاکٹر رائو شارق اور ان کے چچا رائو مشرف علی آپس میں بغل گیر ہو کر آبدیدہ ہو گئے ۔ واضح ہو کہ کچھ ہی عرصہ قبل ڈاکٹر رائو شارق کے والدین فوت ہوگئے تھے ۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close