دیوبند

کورونا پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے منایا گیا ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کا 130واں یومِ پیدائش

دیوبند،14؍اپریل (رضوان سلمانی) ہندوستانی آئین کے معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کا 130واں یوم ِ پیدائش دیوبند اور تحصیل دیوبند کے تمام دیہی علاقوں میں کورونا پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے دھوم دھام سے منایا گیا ۔ تفصیل کے مطابق بدھ کے روز جاٹو نگر میں منعقدہ ایک پروگرام میں سابق میونسپل ممبر راج کمار جاٹو نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کے 130ویں یوم ِ پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے سماج کے نہایت پسماندہ ،استحصال سے چور اور مظلوم طبقے کی آواز کو بلند کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ انہوںنے اپنے ملک کے لئے جو تاریخی کارہائے نمایاں بالخصوص آئین ِ ہند ترتیب دیکر جو عظیم کارنامہ انجام دیا ہے اس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا ۔ دیوبند کے قریبی گائوں گنارسا میں منعقدہ پروگرام میں لوگوں نے ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کے مجسمہ پر پھول پیش کرتے ہوئے انہیں یاد کیا ۔دلت کلیان منچ کے جنرل سکریٹری اوم ویر سنگھ نے ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کے حالات ِ زندگی پر روشنی ڈالی ۔اسی طرح دیوبند کی والمیکی بستی میں بھارتیہ والمیکی دھرم سماج کی جانب سے ڈاکٹر امبیڈکر کے یوم پیدائش کو شاندار طریقہ سے منایا گیا ۔دلت طبقہ کے لوگوں نے والمیکی اور بابا صاحب کے مجسموں پر پھول چڑھائے اور دئے روشن کئے ۔ اسی طرح دیوبند کے محلہ نیا بانس میں بھیم رائو امبیڈ کر کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام کا افتتاح سدیش گوتم نے فیتہ کاٹ کر کیا ۔ بعد ازاں مقررین نے آنجہانی لیڈر کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی اور ان کے رہنما خطوط پر چلنے کی اپیل کی ۔ والمیکی بستی میں ایک دوسرا پروگرام میونسپل ممبر راکیش گنگولی رہائش گاہ پر منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر سے عقیدت رکھنے والے افراد اور پسماندہ طبقات کے مرد و خواتین موجود رہے ۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close