دیوبند

جمعیۃ علماء ساؤتھ افریقہ نے مولانا ولی رحمانی کے انتقال پیش کی تعزیت

دیوبند،7؍ اپریل(رضوان سلمانی) الجامعۃالعلوم االاسلامیہ سائوتھ افریقہ جھانسبرگ کے مولانا ظہیر احمد راگی اور جمعیۃ علماء ساؤتھ افریقہ کے صدر مولانا عباس علی جنیا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری ،امیر شریعت ،امارت شرعیہ بہار ،جھار کھنڈ ،اڑیشہ حضرت مولانا سید ولی رحمانی ؒ کی رحلت پر اپنی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ قانون ِ قدرت ہے کہ ہر ذی روح کو اس دنیائے فانی سے چند عارضی دن کی زندگی گذارنے کے بعد توشہ ٔ آخرت کے ساتھ ابدی زندگی کی طرف رخت سفر باندھنا ہے ،لیکن اس دنیا میں کچھ ہستیاں ایسی بھی ہوتی ہیں جن کی زندگی قو م و ملت کی امانت ہوجاتی ہے ،ان کی رحلت سے سماجی ،معاشرتی اور علمی دنیا میں ایک خلاء سے پیدا ہو جاتا ہے اور زمانہ مدتوں ان کی کمی محسوس کر تا ہے ۔ایسی ہی ایک عظم الشان شخصیت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری ،امیر شریعت ،امارت شرعیہ بہار ،جھار کھنڈ ،اڑیشہ حضرت مولانا سید ولی رحمانی ؒ کی تھی ،جو اپنے ہزاروں شاگردوں ،لاکھوں معتقدین اور مستفیدین کو چھوڑ کر بروز ہفتہ بتاریخ 20؍شعبان 1442ھ مطابق 3؍اپریل 2021ء اس عالم فانی سے جوار ِ رحمت حق کی طرف رحلت فرما گئے ،انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ کی شخصیت شریعت و طریقت کی جامع علم و عمل کا سنگم رھبان باللیل وفرسان بالنھار کی مصداق تھی ۔ موجودہ وقت میں ملت اسلامیہ ہندیہ کے سلگتے و سنگین مسائل کے لئے آپ کی کوششیں ، جد و جہد ،غیر معمولی جرأت مندانہ اقدامات حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی ؒ کی سچی جانشینی کے غماز تھے ۔ جامعہ رحمانی مونگیر اور خانقاہ رحمانی مونگیر کی علمی ،دینی خدمات جلیلہ حضرت والا کی سعی مسلسل اور جہد و پیہم کا نتیجہ ہیں ۔ جاری تعزیت بیان میںانہوں نے کہاکہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ابتدائی دور سے اس میں شریک رہتے ہوئے بے شمار خدمات انجام دیتے رہے ۔ حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب ؒ کی وفات ہوئی تو اتفاق رائے سے حضرت والاؒ کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ۔ آپ کی بیباک قیادت ،دور اندیشی اور سیاسی بصیرت کا زمانہ معترف و قدردان ہے ۔ جن سے کام لیتے ہوئے آپ نے ملت کے بے شمار مسائل میں پوری ہمت ،طاقت ،دور اندیشی اور بصیرت کے ساتھ میدان عمل میں حصہ لیا ،اور عظیم الشان خدمات انجام دیں ۔انہوں نے کہاکہ حضرت والا ؒ کا سانحہ ارتحال پوری امت اسلامیہ کے لئے بالعموم اور بالخصوص مسلمانانِ ہند کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ جا معۃ العلوم الاسلامیہ وجمعیۃ علماء سائوتھ افریقہ اس کے خدام ،اراکین و منتظمین اس سانحہ ٔ عظیم پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہیں ۔ اہل خانہ بالخصوص صاحبزادۂ محترم سید محمد فھد رحمانی صاحب زید مجدھم اور حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب دامت برکاتہم العا لیہ صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بوڈر اور امارت شرعیہ بہار ،جھارکھنڈ و اڑیشہ کے ذمہ داروں کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں ،دعاء ہے اللہ رب العزت حضرت ؒ کو درجات علیا سے سرفراز فرمائے اور جنت الفردوس میں بلند و بالا مقام عنایت فرمائے ،ان کے لواحقین ،متوسلین و اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے ،آمین ۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close