دیوبند

دیوبند، نواز گرلز پبلک اسکول میں خواتین ایمپاورمینٹ کے عنوان سے ایک ورک شاپ کا انعقاد کیا گیا

ہر حال میں آگے بڑھنے اور منزل کو پانے کے جوش اور جذبہ کو زندہ رکھنا چاہئے: ڈاکٹر رنبیر سنگھ

دیوبند، 27؍ نومبر (رضوان سلمانی) دیوبند کے معروف عصری تعلیمی ادارے نواز گرلز پبلک اسکول میں خواتین ایمپاورمینٹ کے عنوان سے ایک ورک شاپ کا انعقاد کیا گیا ۔اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر سی بی ایس ای کے ریجنل آفیسر ڈاکٹر پربھات کمار نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت کے فرائض درجہ 12کی طالبات شمائلہ اور ثانیہ نے مشترکہ طور پر انجام دی۔مہمانانِ کرام کے استقبال کے بعد ادارے کی طالبات نے نہایت مئوثر انداز میں خواتین ایمپاور مینٹ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رنبیر سنگھ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے خواتین ایمپاورمینٹ سے متعلق بہت اہم تفصیلات بیان کیں۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے دور میں بھی نواز گرلز پبلک اسکول کی جانب سے جس طرح مذکورہ عنوان پر خوب صورت پروگرام منعقد کیا گیا ،اس کے لئے ڈاکٹر نواز دیوبندی اور اسکول کے دیگر منتظمین اور اسٹاف قابلِ مبارک باد ہیں۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر حال میں آگے بڑھنے اور منزل کو پانے کے جوش اور جذبہ کو زندہ رکھنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ محنت ،جدوجہد اور صاف ستھری زندگی آپ کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو بھیڑ میں گم مت ہونے دیں،بلکہ ہر لمحہ اپنے آپ کو نمایاں رکھیں۔ادارہ کے بانی وسرپرست ڈاکٹر نواز دیوبند ی نے تمام مہمانانِ کرام بالخصوص ریجنل آفیسر ڈاکٹر رنبیر سنگھ اور ضلع کے معاون ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر پربھات کمار کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ایمپاورمینٹ کی اہمیت بتانے کے لئے نواز گرلز پبلک اسکول ،منتظمین اور اساتذہ پوری ایمانداری کے ساتھ دوسروں تک پہنچاتے رہیں گے ۔معاون ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر پربھات کمار نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج پروگرام میں شرکت کرکے یہ محسوس ہوا ہے کہ اسکول اور اس کے تمام کارکنان کی جانب سے مذکورہ مشن کو آگے بڑھانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے اس بات پر فکر مندی کا اظہار کیا کہ لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کے بارے میں جس قدر قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں ،ابھی ہم اس منزل تک نہیں پہنچ پائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین اعلیٰ تعلیم یافتہ نہیں ہونگی اس وقت تک اپنے حقوق کی حصولیابی کے لئے انہیں سخت جدوجہد کرنی پڑے گی ،اس لئے لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم پر ہم سب کو خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔پروگرام میں شریک ستیندر شکل نے اپنے خطاب کے دوران اس جانب توجہ دلائی کہ ابھی بھی کچھ والدین اور سرپرست اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم نہیں دلانا چاہتے ،لیکن اگر خواتین ایمپاورمینٹ مہم کے تحت مشترکہ طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لئے صد فیصد بیداری لائی جائے تو خواتین بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ بن سکتی ہیں۔بعد ازاں ادارہ کی ٹیچرس مس ادیبہ اور صفوانہ نے بھی بہت مختصر لیکن متاثر کن انداز میں خواتین ایمپاورمینٹ پر اظہار ِ خیال کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ تعلیم کی روشنی کو پھیلانے میں اپنی ہر ممکنہ مدد دیں گی ۔اسکول کے پی ای ٹی دیوندر پاٹھک نے بھی اس سلسلہ میں اظہارِ خیال کیا ۔اس سے قبل ادارہ کی چیف ایڈوائیزر بشرٰی عثمانی نے عنوان کی مناسبت سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم ،خود اعتمادی ،اپنی شخصیت کو پر اثر بنانے اور ہر ایک خطرہ کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کرنے کا پیغام دیا اور نواز گرلز پبلک اسکول کا تعلیمی بیداری پیدا کرنے میں اہم رول ادا کرنے کی تفصیلات بیان کیں۔اس سے قبل اسکول کے ایڈ منسٹریٹر عبد اللہ نواز خان نے تمام مہمانِ کرام کا گل پوشی کرکے خیر مقدم کیا۔پروگرام کے اختتام پر ادارہ کی پرنسپل فوزیہ عبد اللہ نواز خان نے پروگرام میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close