دیوبند

میری بیٹی حیا ء اور شرم کے زیوربناتی ہے  ٭  اگر گڑیا خریدے تو دوپٹہ ساتھ لاتی ہے

 ”جہان ادب اکیڈمی“ دیوبند کی جانب سے محفل مشاعرہ کا انعقاد
فوٹو۔ شعرائے ادب کو ایوارڈ سے نوازے جانے کامنظر
دیوبند، 22/ ستمبر (رضوان سلمانی) (خاص خبر)
دیوبند کے محلہ بیرون کوٹلہ میں واقع اردو گھر سے وابستہ ادبی وسماجی تنظیم ”جہان ادب اکیڈمی“ کی جانب سے  ایک شاندار محفل مشاعرہ کاانعقاد کیا گیا، جس کی صدارت عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کی۔محفل مشاعرہ کا افتتاح سابق چیئرمین دیوبند انعام قریشی نے فیتہ کاٹ کرکیا جبکہ خرم سلطان سہارنپوری اور عدیل تابش نے مشترکہ طور پر شمع روشن کی، اس محفل مشاعرہ کے دوران جہانِ ادب اکیڈمی کی جانب سے خرم سلطان اور عدیل تابش کو جہانِ ادب ایوارڈ سے نوازاگیا۔ یہ ایوارڈ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی کے بدست دیئے گئے۔محفل مشاعرہ کی نظامت کے فرائض تنویراجمل دیوبندی نے انجام دیئے۔ شعرو شاعری کا یہ پروگرام بڑی آب وتاب کے ساتھ آخر شب تک جاری رہا۔محفل مشاعرہ میں شریک شعراء کی جانب سے پیش کئے جانے والے پسندیدہ اشعار قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔   ؎
میری بیٹی حیا ء اور شرم کے زیوربناتی ہے
اگر گڑیا خریدے تو دوپٹہ ساتھ لاتی ہے ڈاکٹر نواز دیوبندی
شکریہ جس نے اُڑائی میری مرنے کی خبر
اس بہانے ہی سہی تو میرے گھر تو آیا۔ خرم سلطان سہارنپوری
جلوے دکھارہے ہیں ہو اپنے جما ل کے
اُن کی گلی میں جانا ذرا دیکھ بھال کے ماسٹر شمیم کرتپوری
نہ جانے نفرتوں کی آخری منزل کیا ہوتی
چلو اچھا ہوا دشمن سے کچھ رشتے نکل آئے عدیل تابش کرتپوری
وفاداروں کے ہونٹوں پر جفا اچھی نہیں لگتی
میاں اپنے ہی لوگوں سے دغا اچھی نہیں لگتی تنویر اجمل
غیر کے گھر توتونے کیا اجالا جاکر
میری دنیا بھی تھی بے نور تمہیں کیامعلوم دلشاد خوشتر
میں اکیلاہی کب تلک چیخوں
تو بھی تو کچھ بول بے زبان ہے کیا عدنان انور
میرا گھر اجڑا تو ہے لیکن خوشی یہ ہے مجھے
کم سے کم بے گھر پرندوں کا ٹھکانا ہوگیا نفیس احمد نفیس
جب یہ مرغی پاکیزہ ہے
پھر انڈوں میں گڑبڑکیسی سہیل دیوبندی
تیرے ہجر میں تیر ی فکر میں یہ حیات اپنی گزر گئی
کبھی یہ اندھیروں میں گھر گئی کبھی نور بن کے منور ہوگئی ڈاکٹر کاشف اختر
ان کے علاوہ دیگر شعرائے کرام نے بھی اپنے شاندار کلام پیش کرکے سامعین سے خوب داد تحسین حاصل کی۔ اس محفل مشاعرہ میں عثمان خان، ندیم احمد، محمد عبداللہ، راحل قریشی، ندیم قریشی، سمیر احمد، مسعود گوڑ، افضل گوڑ، محمد ثاقب وغیرہ موجودرہے۔ پروگرام کے اختتام پر شمیم کرتپوری اور تنویر اجمل نے سبھی مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔
…………………………………………………………………………………………………………………………………………………………
دارالعلوم دیوبند کے سابق استاذ قاری محمدکاملؒکے صاحبزادہ محمد عارف عثمانی کا طویل علالت کے بعد انتقال
فوٹو۔ مرحوم محمد عارف عثمانی
دیوبند، 22/ ستمبر (رضوان سلمانی)
دارالعلوم دیوبند کے سابق مقبول ومعروف استاذ قاری محمدکامل صاحب مرحوم، کے صاحبزادہ محمد عارف عثمانی کا طویل علالت کے بعد تقریباً 52/سال کی عمر میں گزشتہ شام اپنی رہائش گاہ پر محلہ ابوالمعالی میں انتقا ل ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر عزیز رشتہ دار، دوست احباب اور بڑی تعداد میں قاری محمد کامل مرحوم کے شاگردوں کے علاوہ دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف دیوبند اوردیگر مدارس کے اساتذہ ومنتظمین نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا اور تعزیت مسنونہ پیش کی۔ محمد عارف عثمانی کے بڑے بھائی اور دارالعلوم دیوبند کے استاذ قاری محمد عاصم نے بتایا کہ محمد عارف عثمانی مرحوم طویل عرصہ سے متعدد وپیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھے اور کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے۔ عارف عثمانی مرحوم نہایت خوش مزاج، ملنسار، محنت کش اور خاموش طبیعت کے مالک تھے انھوں نے اپنی پوری زندگی نہایت سادگی کے ساتھ گزاری۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ان کے انتقال پر ادارہ خدمت خلق کے بانی مولانا حسن الہاشمی، مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، ادارہ کے سکریٹری مولوی انس صدیقی، مولانا دلشاد قاسمی، نظار احمد، سید انور تکریم، ارشاد قریشی، قاری فوزان، اشرف عثمانی اور فرحان الحق کے علاوہ مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے کارکنان، شہر کی سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے پسماندگان سے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔ مرحوم کی نماز جنازہ رات تقریباً 11:30بجے شیخ الہند ہال میں مولانا فرید نے اداکرائی بعد ازاں قبرستان قاسمیہ میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ پریس ایسو سی ایشن دیوبند نے عارف عثمانی مرحوم کی وفات پر اظہارافسوس کرتے ہوئے دعا ئے مغفرت کی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطافرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close