دیوبند یونانی میڈیکل کالج کی جانب سے صحت بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا

دیوبند، 4؍ جولائی (رضوان سلمانی) یوگی حکومت کے 100روز پورے ہونے پر دیوبند یونانی میڈیکل کالج کی جانب سے گائوں اسعد پور کرنجالی کے جونیئر ہائی اسکول میں صحت بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈاکٹروں نے اسکولی بچوں اور گائوں کے باشندوں کو برسات میں ہونے والی بیماریوں کے سلسلہ میں تفصیلی معلومات دیں ۔ آج منعقدہ کیمپ میں دیوبند یونانی میڈیکل کالج کی ڈاکٹروں کی ٹیم نے اسکولی بچوں اور گائوں کے باشندوں کو ہونے والی مختلف بیماریوں سے بچنے کے ٹپس دیئے ۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد ارشاد نے برسات کے دنوں میں مچھروں سے ہونے والی بیماریوں اور ڈینگو جیسی مہلک بیماریوں سے کیسے بچاجائے اس کو کلاس میں بورڈ پر گراف کے ذریعہ سے سمجھایا ۔ اس دوران ڈاکٹر محمد طفیل نے بچوں اور گائوں کے باشندوں کو صحت مند رہنے کے لئے صاف صفائی پر خاص توجہ دینے کی اپیل کی۔ کیمپ میں ڈاکٹر ہلال حمید ، ڈاکٹر وسیم خان سمیت دیگر ڈاکٹر وں نے گائوں کے باشندوں کے درمیان پہنچ کر لوگوں کو صحت کے لئے بیدار کیا۔