دیوبند کے ہونہار طالبعلم محمد نوازش نے نیٹ میںحاصل کی شاندار کامیابی

دیوبند،8؍ ستمبر(رضوان سلمانی) دیہی علاقہ میں رہنے والے کسان کے ہونہار بیٹے محمد نوازش نے پہلی کوشش میں NEET کا امتحان پاس کر کے اپنا اور اپنے خاندان کا نام روشن کیا ہے۔دیوبند علاقہ کے گاؤں لبکری کے باشندہ امتیاز احمد کے بیٹے محمد نوازش نے ایم بی بی ایس میں داخلہ کے لئے منعقد نیٹ کے امتحان میں ملک بھر میں 9778 ویں رینک حاصل کی ہے۔ نوازش نے 720 میں سے 629 نمبر حاصل کیے ہیں۔
شہر کے دون ویلی پبلک اسکول سے ہائی اسکول اور انٹر کے بعد، نوازش نے راجستھان کے کوٹا میں ایلن کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں تیاری کرکے پہلی ہی کوشش میں NEET کا امتحان پاس کیا ہے۔ نوازش کی اس کامیابی سے ان کے اہل خانہ میں خوشی کا ماحول ہے اور امتحان کا نتیجہ آنے کے بعد سے رشتہ دار، گاؤں والے اور دیگر لوگ مسلسل ان کے گھر پہنچ کر مبارکباد دے رہے ہیں۔نوازش اس کامیابی کا سہرا اپنے اساتذہ،والدین اور پورے خاندان کو دیتے ہیں۔
اب ان کا مقصد ایمس جیسے نامور ادارے سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک اچھا ڈاکٹر بن کر سماج کی خدمت کرنا ہے۔ نوازش کے والد امتیاز احمد نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے ان کے بیٹے نے دن رات محنت کی ہے۔