دیوبند

دیوبند کے تعلیمی اداروں میں جشن آزادی کے تحت ریلیوں کا انعقاد

تمام ہندوستانی حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ جشن آزادی منائیں۔صبا حسیب صدیقی

دیوبند،13؍اگست(رضوان سلمانی)آزادی کے امرت مہاتسو کے تحت آج دیوبند کے متعدد تعلیمی اداروں میں پربھات پھیری نکالی گئیں۔ان ریلیوں کے دوران طلبہ وطالبات نے نہایت جوش وخروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے جشن آزادی کو اجتماعی طور پر منانے کا پیغام دیا اسی ضمن میں دیوبند کے معروف عصری تعلیمی ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج کی طالبات نے ہرگھر ترنگا مہم اور آزادی کا امرت مہاتسو کے تحت ایک عظیم الشان ریلی نکال کر ہندوستان کا 75واں یوم آزادی جوش وخروش سے منائے جانے کا پیغام دیا صبح 9؍بجے ادارہ کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی ،صفیہ گوھر اور شبانہ ذکی نے ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا طالبات کی یہ ریلی احاطہ دارالعلوم ،اعظمی منزل،مسجد رشید،محلہ خانقاہ،سرائے سینی اور جی ٹی روڑ سے ہوتے ہوئے واپس انٹر کالج آکر اختتام پذیر ہوگئی۔اس موقع پر صبا حسیب صدیقی،صفیہ گوھر اور شبانہ ذکی نے طالبات کو قومی پرچم کی اہمیت اور اس کے آداب سمجھائے۔بعد ازاں طالبات نے ریلی نکالے جانے کے دوران آزادی سے متعلق نعرے،آزادی کا امرت مہاتسو،ہندوستان زندہ باد کے علاوہ سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا ترانہ پڑھ کر لوگوں میں حب الوطنی اور آزادی کے جذبہ کو بیدار کرنے کا پیغام دیا ۔

اس موقع پر طالبات نے ہندوستان کو دنیا کا نمبرون ملک بنانے کا بھی عہد کیا ۔ادارہ کے ایچ او ڈی فہیم صدیقی نے طالبات کو بتایا کہ ہندوستان نے گذشتہ 75سالوں میں ایک طویل سفر طے کیا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان اپنی عظمت کے اعتبار سے عالمی لیڈر بنے لیکن اس کے لئے ہم سب کو متحد ہوکر جد وجہد کرنی ہوگی اور عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے ملک کو عالمی نمبر ون بنانے کی سمت میں لے جائیںگے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر گھر ترنگا،گھر گھر ترنگا کا یہی پیغام ہے ۔فہیم صدیقی نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل اور اس ملک کے معمار ہیں اسلئے ان کی تعلیم اور صحت پر توجہ مرکوز رہنی ضروری ہے تاکہ وہ بہتر صحت وتندرستی اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ہندوستان کو عظیم ملک بنانے کے خوابوں کو شرمندہ ٔ تعبیر کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی قوم پرچم ترنگا اس ملک کے 135کروڑ لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے اسلئے ہم سب کو ترنگے کی شان اور عظمت ووقار کو ہمیشہ ہمیشہ قائم رکھنے کے لئے کام کرنا چاہئے۔اس موقع پر پبلک گرلز انٹر کالج کا ٹیچنگ اسٹاف اور محمد غزالی،عارف،شاہد،نفیس احمد وغیرہ موجود رہے ۔اسی تناظر میں نئی روشنی پبلک اسکول،امن نرسری کے طلبہ وطالبات نے بھی ریلی نکال کر اپنے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button