دیوبند کے ایک ہونہار طالب علم نے بجلی سے چلنے والی گاڑی تیار کی

دیوبند،30؍مئی(رضوان سلمانی) دیوبند کے ایک انجینئرنگ کر رہے طالب علم اور اس کے اہل خانہ نے مل کر ایک ایسی چھوٹی جیپ تیار کی ہے جو نہ صرف بجلی سے چلے گی بلکہ پیٹرول اور ڈیژل کی قیمتوں میں اضافہ سے بھی راحت دلائے گی ۔اس جیپ کو پہلی مرتبہ شہر دیوبند گھمایا گیا اور یہ جیپ پورے شہر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
تفصیل کے مطابق دیوبند میں ویلڈنگ کا کام کرنے والے راشد کما ل نے بتایا کہ اس جیپ کو ان کے صاحبزادہ حیدر علی جو پنجاب کے جالندر میں واقع یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے طالب علم ہیں ۔انہوں نے اس کو ڈیزائن کیا اور میں نے اور میرے ساتھی محمد مظہر نے مل کر آئرن پائم سیٹ سے اس کو تیار کیا ہے ۔راشد کمال نے بتایا کہ اس جیپ کو تیار کرنے میں تقریباً دیڑھ ماہ کا وقت لگا ۔انہوں نے بتایا کہ اس گاڑی کو الکٹریکل وائکل مینی جیپ کا نام دیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے نہ تو فضائے آلودگی کا خطرہ ہے اور نہ ہی اس کی آواز ہے ،یہ چھوٹی گلیوں میں بھی آسانی کے ساتھ جا سکتی ہے ۔راشد کمال نے بتایا کہ گاڑی کے اندر چار بیٹریاں لگائی گئی ہیں جو سات گھنٹے میں چارج ہوجاتی ہیں ۔ایک مرتبہ چارج کرنے کے بعد گاڑی 100؍کلو میٹر تک چلائی جاسکتی ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس گاڑی میں کوئی گیئر سسٹم نہیں ہے صرف رفتار اور بریک ہیں اسے کوئی بھی شخص معمولی ٹریننگ کے بعد آسانی کے ساتھ چلاسکتا ہے ۔
اس گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25؍کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔راشد کمال نے بتایا کہ اس گاڑی کی لمبائی 2؍میٹر اور چوڑائی 1؍میٹر ہے ۔اس کے بنانے میں تقریباً سوا دو لاکھ روپے کا خرچ آیا ہے ۔اس گاڑی میں چار سیٹ ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ وہ اس گاڑی کو کاروبار کے طور پر مارکیٹ میں لانا چاہتے ہیں جس کے لئے انہیں سبھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔