دیوبند

دیوبند کوتوالی میں تعینات ایس ایس آئی کی ہارٹ اٹیک سے موت

جب کہ نہر میں ڈوبنے سے ایک نوجوان کی موت

دیوبند، 19؍ مارچ (رضوان سلمانی) دیوبند کوتوالی میں ہولی کا جشن منانے والے پولیس اہلکاروں میں اس وقت ماتم چھاگیا جب کوتوالی میں تعینات ایک دروغہ کی اچانک ہارٹ اٹیک کے سبب موت واقع ہوگئی۔ایس ایس آئی کی اچانک موت سے پورا پولیس محکمہ صدمہ میں ہے ۔ایس ایس پی نے پورے ضلع میں پولیس کی جانب سے منعقد کئے جانے والے ہولی کے سبھی پروگرام منسوخ کردئیے ہیں ۔

تفصیل کے مطابق علی گڑھ کے پساوا تھانے کے گاؤں دموکا کا باشندہ اندر پال سنگھ 1990بیچ کے داروغہ تھے اور گذشہ چھ ماہ سے دیوبند کوتوالی ایس ایس آئی عہدے پر تعینات تھے ۔اندر پال سنگھ سنیچر کے روز تقریباً 12؍بجے اس وقت کوتوالی پہنچے جب پولیس محکمہ ہولی کا جشن منارہا تھا ۔اندر پال سنگھ کو کوتوالی احاطہ میں آنے کے کچھ دیر بعد ہی سینہ میں اچانک درد کی شکایت ہوئی اور لڑکھڑا کر زمین پر گر گئے جس کیوجہ سے پولیس محکمہ میں افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا ۔کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا نے آناً فاناً میں اندر پال سنگھ کو اپنی گاڑی سے سرکاری اسپتال بھیجا لیکن ڈاکڑوں نے انہیں مردہ قرار دے دیا ۔اندر پال سنگھ کی اچانک موت سے کوتوالی سمیت ضلع کا پولیس محکمہ صدمہ میں ڈوب گیا ۔

ایس ایس پی آکاش تومر اور ایس پی دیہات اتل شرما نے اندر پال سنگھ کی اچانک موت پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے پولیس محکمہ میں منائے جانے والے ہولی پروگراموں کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ایس پی دیہات اور سی او دیوبند درگا پرساد تیورای نے بتایا کہ اندر پال سنگھ کی موت ہارٹ اٹیک کے سبب ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اندر پال سنگھ کے خاندان میں اہلیہ کے علاوہ دو چھوٹے بچے ہیں جو نوائیڈا میں رہتے ہیں۔اس حادثہ کی اطلاع اہل خانہ کو دیدی گئی ہے ۔پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کو سونپ دی جائیگی۔

وہیں دوسری جانب دیوبند کے قریبی گاؤں مجھول زبردست پور کے باشندہ مانگا رام یادو کا 21؍سالہ بیٹے کی اپنے دوستوں کے ساتھ لنک نہر میں نہانے کے دوران ڈوبنے کی وجہ سے موت ہوگئی ۔اطلاع ملتے ہی کھیڑہ مغل چوکی کے انچارج بل رام سنگھ اور آس پاس کے گاؤں سے بڑی تعداد میں لوگ موقع پر پہنچ گئے ۔غوطہ خوروں کی مدد سے مکل یادو کی لاش کو نہر سے نکالا گیا ۔اس کے اہل خانہ نے بتایا کہ مکل یادو میرٹھ میں رہ کر داخلہ امتحان کی تیاری کررہا تھا اور ہولی منانے کے لئے گاؤں آیا ہوا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button