دیوبند میں کسان سمّان ریلی میں اٹھائے کسانوں کے مسائل
پچھمی پردیش مکتی مورچہ کی قیادت میں وزیر اعلیٰ کو بھیجا میمورنڈم

دیوبند،14؍جولائی(رضوان سلمانی) پچھم پردیش مکتی مورچہ وبھارتیہ کسان یونین ورما کے زیر اہتمام آج کسان سمّان ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں زور شور کے ساتھ کسانوں کے مسائل کو اٹھایا گیا ساتھ ہی الگ پچھمی پردیش کی تشکیل کی مانگ کی گئی۔مورچہ کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما کی قیادت میں آج بڑی تعداد میں کسان اپنی گاڑیوں پر سوار ہوکر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ڈی ایم کاریالے پہنچے ۔اور وہاں پہنچ کر کسانوں کی مسائل کو لیکر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
اس دوران کسان سمّان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ کسانوں ،مزدوروں اور پسماندہ طبقات و چھوٹے تاجروں ،نوجوانوں اور طلبہ وطالبات کے لئے یہ معاشی آزادی کی لڑائی ہے جب تک الگ پچھمی پردیش کا قیام نہیں ہوگا اس وقت تک اس خطہ کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کسانوں کے لئے مفت بجلی کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام کے لئے بجلی کے ریٹ ہاف کرنے کی مانگ کی اور فوری طور پر کسانوں کے گنے کا بقایا ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے گنے کی قیمت 600؍روپے فی کونٹل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دوسرے اضلاع اور ریاستوں کے طرز پر زمین اکوائیر کئے جانے کا معاوضہ دئیے جانے کی مانگ کی ۔
انہوں نے پچھمی اترپدیش کے اضلاع کو الگ کرکے پچھمی اترپردیش کا قیام کرنے کا پرزور طریقہ سے مطالبہ کیا ۔بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ کسان اور مزدوروں کے حقوق کے لئے مورچہ کے ذریعہ لڑی جارہی لڑائی الگ ریاست کے قیام تک جاری رہے گی۔مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری روندر چودھری،قومی نائب صدر ورندر چودھری،راؤرضا خان،پنڈت نیرج کپل،حافظ مرتضی تیاگی اور عاصم ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی مانگ کی ۔
انہوں نے کہا کہ کسان اور مزدوروں کو ذات برادری اور دھرم سے اوپر اٹھ کر اپنے حقوق کی لڑائی لڑنی چاہئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک مغربی اضلاع کو الگ کرکے الگ ریاست کا قیام نہیں ہوتا اس وقت تک اس خطہ کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔اس دوران کسانوں نے بھگت سنگھ ورما کی قیادت میں متعدد مطالبات پر مبنی میمورنڈم ایس ڈی ایم دیپک کمار کے توسط سے وزیر اعلیٰ کو ارسال کیا۔اس موقع پر رشی پال پردھان،سردار گروندر سنگھ،ارشاد سونی،اوم پال سنگھ،ونود پہلوان،پدم راٹھی،نیرج سینی،روندر چودھری،اروند چودھری،وسیم ظہیر پور،یاسین تیاگی،سنیل دھیمان سمیت کثیر تعداد میں کسان موجود رہے ۔