دیوبند

دیوبند میں عید الفطر کا تہوار نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا

انتظامیہ اور عید گاہ کمیٹی کے باہمی تعاون سے مکمل نظم وضبط کے ساتھ نماز عید ادا کی گئی

دیوبند، 4؍ مئی (رضوان سلمانی) دیو بند اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں عید الفطر کا تہوار نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔کورونا کی عالمی وباء اور لاک ڈاؤ ن کے باعث دو سالوں کے وقفہ کے بعد دیوبند کی عید گاہ اور شہر کی تمام بڑی مسجدوں میں نماز عید الفطر نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ ادا کی گئی ۔نماز سے پہلے علمائے کرام نے رمضان المبارک میں رکھے جانے والے روزوں اور اس کے انعام میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے عنایت کردہ عید الفطر کی اہمیت اور فضیلت بیان کیں۔بعد ازاں نماز کے بعد آپسی بھائی چارے ،امن عالم اور ملک کی ترقی کے لئے دعائیں مانگیں گئیں۔

دیوبند کی مساجد میں صبح سویرا سے ہی نماز عید الفطر کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوچکا تھا ۔عید گاہ میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا عارف قاسمی ،مرکزی جامعہ مسجد میں قاری واصف عثمانی اور دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں قاری عفان منصور پوری نے نماز عید ادا کرائی۔اس کے علاوہ دیوبند کی دیگر مساجد میں وہاں کے پیش امامووں نے نماز عید ادا کرائی ۔عید گاہ میں مفتی عارف قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران تمام اہل وطن اور عید گاہ میں موجود لوگوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کا پیغام انسانیت کی بہتری کے لئے ہے کیونکہ عید تمام انسانوں کے لئے محبت کا پیغام لیکر آتی ہے ۔نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔واضح ہو کہ کووڈ اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے دو سالوں کے وقفہ سے عید گاہ دیوبند میں نماز عید ادا کی گئی ۔

اس موقع پر شہر اور دیہی علاقوں کے لوگوں میں بہت زیادہ جوش وخروش نظر آیا ۔حکومت اور انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے لوگوں نے عید گاہ کے احاطہ اور مسجدوں کے اندر ہی نماز عید ادا کی ۔اس مرتبہ عید گاہ دیوبند کے میدان میں صفائی کے بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے ۔عید گاہ کمیٹی کی جانب سے صفائی کے بہترین انتظامات کئے گے تھے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی نماز عید کی تیاریوں کے لئے بھر پور تعاون کیا گیا۔

نماز کے دوران نمازیوں میں زبردست نظم وضبط دیکھنے کو ملا ۔اس موقع پر عید گاہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں پولیس فورس اور آر اے ایف کے جوانوں کی بڑی تعداد تعینات رہی اور تمام اعلیٰ افسران بھی موجود رہے اور انہوں نے پورے حالات پر خاص نظر رکھی ۔نماز عید کے بعد افسران نے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی ۔وہیں دوسری جانب عید گاہ کمیٹی کے ذمہ داران نے بہتر انتظامات کے لئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر دیوبند کے ایس ڈی ایم دیپک کمار ،سی او درگا پرساد تیواری،کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا ،میونسپل بورڈ کے چیئرمین ضیاؤ الدین انصاری ،سابق ایم ایل اے معاویہ علی اور عید گاہ وقف کمیٹی کے سکریٹری محمد انس صدیقی اور دیگر ارکان نے بھی لوگوں کو مبارکباد دی ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button