دیوبند

دیوبند، پولیس نے تاجپورہ گائوں میں پیش امام کو لے کر چل رہے تنازعہ کو میٹنگ کے ذریعہ ختم کرایا

دیوبند، 9؍ اگست (رضوان سلمانی) ناگل علاقہ کے گائوں تاجپورہ میں مسجد کے پیش اما م کو لے کر گزشتہ کافی وقت سے مسلم طبقے کے دو گروپوں میں چلے آرہے تنازعہ کو علاقائی پولیس نے دونوں گروپوں کے ساتھ میٹنگ کرکے اس معاملہ کو ختم کرادیا۔ پہلے دونوں پیش اماموں کی جگہ نئے پیش امام رکھنے کا اتفاق رائے سے فیصلہ لیا گیا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق مذکورہ گائوں کی مسجد میں تعینات تنویر نام کے پیش امام گزشتہ تقریباً 13سال سے امامت کررہے تھے جسے لے کر گائوں کے کچھ لوگ ناراض تھے ، اس پر گزشتہ سال امام صاحب گائوں چھوڑ کر چلے گئے تھے اور نئے پیش امام مولانا نسیم کو امامت کے لئے رکھ لیا گیا تھا، اس بات کو لے کر گائوں کے مسلم طبقے کے دو گروپ ہوگئے اور معاملہ اس وقت گرماگیا جب ایک گروپ نے پہلے امام تنویر کو دوبارہ امامت کے لئے گائوں میں بلالیا۔ مسلم طبقے کا ایک گروپ مسجد میں نماز ادا کررہا تھا اور دوسرے گروپ نے گائوں کے ہی ایک مکان میں نماز پڑھنا شروع کردی تھی جس کی امامت محمد نسیم کرارہے تھے ۔ اپنے اپنے گروپوں کی اہمیت کو قائم رکھنے کے مقصد سے گائوں میں برابر تنائو کے حالات بنے ہوئے تھے ، معاملہ کو سلجھانے کے لئے کئی مرتبہ میٹنگ بھی ہوئی لیکن اپنی بات اونچی رکھنے کی ضد کے چلتے حالات جوں کے توں بنے رہے، گزشتہ کل اس بات کو لے کر فریقین آمنے سامنے آگئے ، گائوں میں جھگڑا ہونے کا خطرہ دیکھتے ہوئے گائوں کے ہی کسی شخص نے پولیس کو اس کی اطلاع دی، اطلاع ملتے ہی ناگل تھانہ انچارج دیش راج سنگھ مع فورس کے گائوں میں پہنچے اور دونوں گروپوں کے افراد کو بلاکر میٹنگ کی اور اس پورے معاملہ کی تفصیلی معلومات حاصل کی۔

معاملہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے تھانہ انچارج نے فریقین کو اس بات کے لئے راضی کرلیا کہ آج کے بعد دونوں پیش امام گائوں میں نہیں رہیں گے اور کسی تیسرے امام کو مسجد میں تقرر کیا جائے گا۔ اس دوران تھانہ انچارج نے دونوں گروپوں کے افراد کو انتباہ بھی دیا کہ گائوں کے امن وامان کو خراب کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ایس ایس آئی اومیندر ملک ، اشوک مشرا، سنجے گری ، گائوں پردھان نسیم، شکیل احمد، یامین، وحید، عمران، امجد، عالم، اسلام وغیرہ موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button