راکیش ٹکیت کادعویٰ،بی جے پی کے ممبرپارلیمنٹ کسانوں کی حمایت میں استعفیٰ دیں گے

نئی دہلی4مارچ(آئی این ایس انڈیا)
کسانوں کے نئے زرعی قوانین کے خلاف ہونے والے احتجاج کے 100 دن مکمل ہونے کے قریب ہیں۔ ادھر کسان رہنماراکیش ٹکیت نے دعویٰ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ راکیش ٹکیت کاکہنا ہے کہ اسی مہینے میں بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ اس تحریک کی حمایت میں استعفیٰ دیں گے ۔تاہم راکیش ٹکیت نے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کا نام ظاہر نہیں کیا ہے ، لیکن بہت سی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ مستعفی ہونے والے رکن پارلیمنٹ کا تعلق مغربی یوپی سے ہوسکتا ہے ، جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ پنجاب یاہریانہ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ راکیش ٹکیت نے پارلیمنٹ میں منڈی بنانے کی بات بھی کی ہے۔راکیش ٹکیت نے کہاہے کہ حکومت کہتی ہے کہ آپ اپنی فصل کو کہیں بھی اور کسی بھی قیمت پر بیچ سکتے ہیں ، ایسی صورتحال میں جب کاشتکاری سے متعلق قوانین موجودہیں ، اسی پارلیمنٹ کے باہر کاشتکاروں کی فصل بیچنا ٹھیک ہوگا ، کیوں کہ کم سے کم سپورٹ قیمت کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔