بین الاقوامی

دہلی سمیت4 شہروں میں القاعدہ کی خودکش حملے کی دھمکی

نئی دہلی،8جون (ہندوستان اردو ٹائمز) نوپورشرما کے پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں گستاخانہ ریمارکس کے بعد شروع ہونے والا تنازعہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے ہندوستان کے4 بڑے شہروں کو خودکش بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔دہشت گرد تنظیم کی دھمکی کے بعد تفتیشی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔القاعدہ نے یہ دھمکی ایک خط کے ذریعے دی ہے۔

القاعدہ نے خط میں کہا ہے کہ وہ دہلی، ممبئی، اترپردیش اورگجرات میں پیغمبراسلامؐ کی شان کے لیے لڑنے کے لیے خودکش حملے کرے گی۔ اس خط کے بعد تمام ریاستوں کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے خطرے کی اطلاع دے دی گئی ہے اور انہیں ہائی الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے۔القاعدہ کی طرف سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ کچھ دن پہلے ہندوتوا کے پرچار کرنے والوں نے پاک ترین مخلوق کی توہین اور مذمت کی ہے۔ اس تذلیل کے جواب میں دنیا بھرکے مسلمانوں کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں اور دل انتقام کے جذبات سے لبریز ہیں۔اس خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ہم ہندوتوا دہشت گردوں کو خبردار کرتے ہیں کہ ہم اپنے نبی کی عزت کے لیے لڑیں گے اور ہمیں دوسروں کو بھی اپنے نبی کی عزت کے لیے لڑنے اور مرنے کی تلقین کرنی چاہیے۔

القاعدہ نے مزید چار شہروں کو اڑانے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا ہے کہ زعفرانی دہشت گردوں کو اب دہلی، بمبئی، یوپی اور گجرات میں اپنے انجام کا انتظار کرنا چاہیے۔ وہ نہ اپنے گھروں میں پناہ لیں اور نہ ہی اپنی فوج کی چھاؤنیوں میں۔دھمکی والے خط موصول ہونے کے بعد مرکزی ایجنسیوں نے پہلے اس کی تصدیق کی اور پھر تمام متعلقہ ریاستی پولیس فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کو کہا۔

بتادیں کہ نوپور شرما کے تبصرے پر عرب ممالک نے سخت احتجاج کیا تھا اور پھر بی جے پی نے ایکشن لیتے ہوئے نوپور شرما کو تحقیقات مکمل ہونے تک پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔اس کے ساتھ ہی کانپور میں ہوئے تشدد کے لیے نوپور شرما کو بھی ذمہ دار بتایا جا رہا ہے۔ مسلم تنظیموں نے نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button