دہلی سمیت شمالی ہندوستان ٹھٹھرن جاری، 5 ریاستوں میں ریڈ الرٹ

نئی دہلی، 9جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز) شمالی ہندوستان میں سردی کی لہر بدستورجاری ہے اور اگلے 3 دنوں تک راحت کی کوئی امید نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ دہلی میں اگلے 3 دنوں تک سردی کی لہر برقرار رہے گی اور حد نگاہ صفر میٹر رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب 10 جنوری کے بعد سردی کی لہر میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔دہلی میں درجہ حرارت 3-4 ڈگری کے آس پاس ہوسکتا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسدان آر کے جینامانی نے خبر رساں کو بتایاکہ آج رات دہلی میں سردی ہوگی اور درجہ حرارت 3-4 ڈگری کے آس پاس رہے گا۔ کچھ اسٹیشنوں کا درجہ حرارت 2 ڈگری ہو سکتا ہے۔ لیکن 10 جنوری سے کوئی گھنی دھند نہیں ہوگی، سردی کی لہر نہیں ہوگی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش میں ریڈ الرٹ اور راجستھان، بہار میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ان علاقوں میں گھنی سے انتہائی گھنی دھند چھائی رہے گی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ گاڑیاں چلانے والے افراد رفتار کی حد کی پیروی کریں اور حفاظتی تمام شرائط پر عمل کریں۔وہیں دہلی حکومت نے سردی کی لہر کے پیش نظر تمام نجی اسکولوں کو اتوار 15 جنوری تک بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی حکومت کی ایڈوائزری ایسے دن آئی ہے جب دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 1.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔فورٹس ہسپتال کے سینئر کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر منوج کمار نے سرد موسم میں ہارٹ اٹیک کے بڑھتے ہوئے کیسز پر کہا کہ سردیوں میں بوڑھوں کو ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے لیکن آج کل نوجوانوں میں بھی یہ دیکھا جا سکتا ہے۔اس سے بچنے کے لیے لوگوں کو سردیوں میں سورج نکلنے سے پہلے صبح کی سیر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔