دیوبند

دارالعلوم دیوبند نے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا اجلاس 30اکتوبر کو طلب کیا

منعقدہ اجلاس میں نظام تعلیم اور در پیش مسائل پر غور وفکر کرکے ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔مفتی ابوالقاسم نعمانی

دیوبند، 6؍ اکتوبر (رضوان سلمانی) دینی مدارس کے مسائل کے حل اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی غرض سے اسلامی تعلیم کے مرکز دارالعلوم دیوبند میں مدارس کی سب سے بڑی تنظیم کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا اجلاس آئندہ 30؍اکتوبر کو طلب کیا ہے ۔دارالعلوم دیوبند نے اس اجلاس کے انعقاد سے متعلق تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ستمبر 2022کے دوسرے ہفتہ میں ہونے والے مجلس شوری کے تین روزہ اجلاس کے دوران کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا اجلاس منعقد کئے جانے کا بڑا فیصلہ لیا گیا تھا ۔اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبندکی جانب سے جمعرات کے روز باقاعدہ دینی دانش گاہ سے منسلک تمام مدارس کے لئے خطوط بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔

دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جاری کردہ تحریر میں کہا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے 30؍اکتوبر 2022کو کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا اجلاس منعقد کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس تحریر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اجلاس سے قبل 29؍اکتوبر کو کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کی ورکنگ کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ دارالعلوم دیوبند میں منعقد کی جائے گی اور اگلے روز یعنی 30؍اکتوبر کو مدارس کے ذمہ داران کا ایک بڑا اجلاس دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں منعقد کیا جائے گا ۔اجلاس کے دوران مدارس کے مسائل کے حل کئے جانے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا اس کے علاوہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور دیگر مسائل بھی زیر غور لائے جائیں گے ۔واضح ہوکہ کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند مدارس کی سب سے بڑی تنظیم ہے جس سے پورے ملک کے 4500سے زائد مدارس منسلک ہیں ۔رابطہ مدارس اسلامیہ کی مجلس عاملہ میں کل 50ارکان ہیں ان ممبران کی ایک میٹنگ 29؍اکتوبر کو منعقد ہوگی ۔اس طرح کے قیاس لگائے جارہے ہیں کہ مدارس میں عصری وجدید تعلیم کی لازمیت سے متعلق اس اجلاس کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ مدارس کے نظام تعلیم کو بہتر بنانے کے علاوہ مدارس کے انتظامی امور کو چست درست رکھنا اور پیش آنے والے مسائل کا حل کرنا دارالعلوم دیوبند کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے ۔مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند نے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا باقاعدہ ایک شعبہ قائم کررکھا ہے جس کا اجلاس وقفہ وقفہ بلایا جاتا رہتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے منعقدہ اجلاس میں نظام تعلیم اور در پیش مسائل پر غور وفکر کرکے ان کے حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جاتے ہیں ۔یا دلا دیں کہ مدارس کے سروے سے متعلق دارالعلوم دیوبند نے گذشتہ 18؍ستمبر 2022کو اترپردیش کے تقریباً 250مدارس کا ایک سیمینار منعقد کیا تھا اس سیمینار میں صوبائی حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے سروے کی حمایت کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button