دیوبند

خدمتِ خلق ٹرسٹ کے زیر اہتمام دینی معلومات کے سوال وجوابات کے مقابلے کا انعقاد

خدمت خلق اور رفاہ عامہ کیلئے اپنی جان،مال اور وقت کو لگانا بہترین صدقہ ہے: نور الحسن راشد کاندھلوی

دیوبند، 30؍ اگست (رضوان سلمانی) خدمتِ خلق ٹرسٹ کے زیر اہتمام دینی معلومات کے سوال وجوابات کے مقابلے کا انعقاد شاملی کی مسجد قریشیان میں کیا گیا جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ اس موقعہ پر صاحبزادہ افتخارالاولیاء مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی نے مجلس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق اور رفاہ عامہ کیلئے اپنی جان،مال اور وقت کو لگانا بہترین صدقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد جو دوسروں کیلئے کسی نہ کسی اعتبار سے نفع بخش ہوتے ہیں آخرت میں تو ان کا بدلہ ملے گا ہی، دنیا میں بھی ان کو جذبہ نفع رسانی اور خدمت خلق کا بہترین صلہ ملتا ہے۔ اس عمل کی برکت سے اللہ تعالیٰ انہیں ہر طرح کے حادثات‘ مشکلات اور پریشانیوں سے محفوظ رکھتا ہے،غیب سے ان کے آرام اور چین و سکون کا انتظام کرتا ہے اور اس کی برکت سے خود ان کا اپنا ذاتی کام پایۂ تکمیل تک پہنچتا ہے۔اس کے علاوہ پوری قوم انہیں یاد رکھتی ہے۔ان کے مرنے کے بعد لوگ انہیں اچھے لفظوں میں یاد کرتے ہیں۔ مولانا نوشاد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا خالق کو راضی کرنے کے لیے خدمت خلق سب سے آسان نسخہ ہے، مزید کہا کہ خدمت خلق دنیا کی سب سے اہم عبادت ہے اور اللہ پاک کو یہ کام بے حد پسندہے۔مخلوق کی خدمت کرکے خالق کو راضی کرنا سب سے آسان نسخہ ہے،جسے ہم سب کو کرنا چاہیے۔‘‘

خدمت خلق کے بانی مولانا مفتی زبیر احمد قاسمی نے کہا کہ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے، ہم زمین والوں پر رحم کریں گے تو آسمان والا ہم پر رحمت کی بارش برسائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ اللہ تعالی اس وقت تک بندے کی مدد کرتا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں لگا رہتا ہے، لوگوں کی نفع رسانی تمام مذاہب میں محمود و پسندیدہ عمل ہے اسلام نے بڑی اہمیت دی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہر عام وخاص کی زبان زد ہے کہ خدمت سے خدا ملتا ہے۔

اس موقع پر خدمت خلق ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر عارف حسن نے خدمت خلق ٹرسٹ کی دو سالہ آمد و خرچ کی رپورٹ پیش کی، مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا اس موقع پر خازن خدمت خلق نور الامین مفتی ارشد، مفتی عبد اللہ قاسمی ،مولانا اکرام، قاری شمیم ،سلمان احمد، عمر تنظیم، شعیب ،ڈاکٹر شاہزماں، قاری علی نواز و دیگر سینکڑوں لوگ موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button