
حیدرآباد ، 17جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز) ہندوستانی ٹیم کے نوجوان اسٹار اوپنر شوبھ من گل نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں دھوم مچا کر رکھ دی۔ شوبھ من نے اس میچ میں کیوی گیند بازوں کی جم کر خبر لی اور 146 گیندوں میں تیز ڈبل سنچری اسکور بنا ڈالی۔ شوبھ من نے نیوزی لینڈ کے خلاف 208 رنز کی اننگز کھیلی۔
انہوں نے اپنی اننگز میں 19 چوکے اور 9 فلک بوس چھکے لگائے ۔شوبھ من گل نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ڈبل سنچری بنا کر بڑا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ وہ ڈبل سنچری بنانے والے کم عمر ترین بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 23 سال 132 دن میں انجام دیا ہے۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ ایشان کشن کے نام تھا، انہوں نے بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے میں 24 سال 145 دن کی عمر میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔وہیں ہندوستانی کپتان روہت شرما کا نام اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
انہوں نے 26 سال 186 دن کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔شوبھ من گل نے حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنا کر ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ دراصل شوبھ من نے نیوزی لینڈ کے خلاف حیدرآباد میں سب سے بڑی اننگز کھیلی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن تندولکر (186) کے نام تھا۔ماسٹر بلاسٹر سچن نے یہ ریکارڈ 1999 میں حیدرآباد میں ہی بنایا تھا۔
اب شو بھ من نے 208 رنز کی اننگز کھیل کر سچن کا یہ بڑا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں اپنے کیریئر کے 1000 ون ڈے رنز بھی مکمل کیے۔ انہوں نے یہ خاص مقام اپنی 19ویں اننگز میں حاصل کیا۔ نیز شوبھ من گل نے امام الحق کے تیز ترین ون ڈے میں 1000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے ہندوستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے کوہلی اور شیکھر دھون نے 24 اننگز میں اپنے 1000 ون ڈے رنز مکمل کیے تھے۔