حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری پر بلڈوزر چلانا چاہیے،بی جے پی پرنفرت اوردہشت کا بلڈوزرسوار: راہل گاندھی

نئی دہلی12اپریل(ہندوستان اردو ٹائمز) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی)کونشانہ بنایا ہے۔بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاہے کہ حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے عام آدمی سے جڑے مسائل پر بلڈوزر چلانا چاہیے لیکن بی جے پی کے بلڈوزر پر نفرت اور گھبراہٹ سوارہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے یہ تبصرہ مدھیہ پردیش کے کھرگون میں رام نومی پرمبینہ تشدد کے ملزمین کے گھروں اور دکانوں پر بلڈوزر چلانے کے پس منظر میں کیا ہے۔
مدھیہ پردیش حکومت نے کہا ہے کہ تشدد کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی فسادیوں سے کی جائے گی۔ حکام نے بتایاہے کہ رام نومی کے جلوس پر پتھراؤکاالزام لگاکربڑے پیمانے پر آتش زنی کے بعد 80 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کے لوگوں کو تھکا دیا ہے۔ ان مسائل پر بلڈوزر چلانا چاہیے، لیکن نفرت اور تعصب کی لہر ہے۔
بی جے پی پر گھبراہٹ کابلڈوزرہے۔ رام نومی کے موقع پر عدم رواداری، تشدد اور نفرت کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اقتدار میں رہنے والوں پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ ملک کے اعلیٰ لیڈران نفرت پرخاموش ہیں۔