بہارپٹنہ

"حوصلوں کی اڑان” کے خالق ڈاکٹر ظفر کمالی آسمان ادب اطفال کے نیر تاباں: امان ذخیروی

( بزم تعمیر ادب ذخیرہ نے ساہتیہ اکادمی ایوارڈ پر مبارکباد دی)

جموئی 27 اگست (محمد سلطان اختر) بزم تعمیر ادب ذخیرہ, جموئی کے صدر دفتر فضل احمد خان منزل میں معروف رباعی گو, مزاح نگار اور بچوں کے مقبول شاعر ڈاکٹر ظفر کمالی کو 2022ء کا ساہتیہ اکادمی ایوارڈ برائے ادب اطفال عطا ہونے پر ایک تہنیتی اور مبارکبادی نشست بزم کے خازن پروفیسر رضوان عالم خان کی صدارت میں منعقد کی گئی. بزم کے جنرل سکریٹری اور معروف شاعر امان ذخیروی نے ڈاکٹر ظفر کمالی کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں آسمان ادب اطفال کا نیر تاباں قرار دیا.

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کمالی متواتر چالیس برسوں سے شعر و ادب کی خاموش خدمت انجام دے رہے ہیں. نسل نو کی ذہنی, ملی و قومی تعمیر میں آپ کی خدمات سنہرے حرفوں میں لکھے جانے کے قابل ہیں. ڈاکٹر ظفر کمالی کا اصل نام ظفر الله اور قلمی نام ظفر کمالی ہے. آپ کی پیدائش 3اگست 1959ء کو بہار کے سیوان ضلعے کے رانی پور گاوں میں ہوئی. ان کے والد کا نام کمال الدین احمد اور والدہ کا نام آسیہ خاتون تھا. آپ کی ابتدائی تعلیم گاوں میں ہی ہوئی, اور اعلیٰ تعلیم پٹنہ یونیورسٹی میں ہوئی.

آپ نے پٹنہ یونیورسٹی سے فارسی زبان و ادب میں ایم اے اور بی ایڈ کی سند حاصل کی اور "احمد جمال پاشا احوال آثار’ موضوع پر پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی. آپ درس و تدریس کے پیشے سے منسلک ہیں . سیوان کے ذکیہ آفاق کالج میں شعبہء فارسی کے استاذ ہیں. ڈاکٹر ظفر کمالی کی ادبی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے. آپ نے شاعری کی تقریباً تمام اصناف پر اپنے قلم کی جوت جگائی ہے اور یہ سلسلہ ابھی جاری و ساری ہے. وہ ایک محقق , ظریفانہ شاعر, رباعی گو شاعر, اور بچوں کے شاعر کے طور پر اپنی عالمی شناخت رکھتے ہیں. آپ کا پہلا شعری مجموعہ ‘ظرافت نامہ” 2005 ء میں شائع ہوا. ظرافت سے متعلق ان کی دوسری کتاب’ ڈنک” 2009ء میں, نمک دان 2011ء میں, اور ضرب سخن 2019ء میں منظر عام پر آئیں. ادب اطفال میں بھی آپ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے.

اب تک آپ کی بچوں کی نظموں اور رباعیوں کے تین مجموعے منظر عام پر آ کر ادبی حلقے میں مقبول ہو چکے ہیں . ان میں چہکاریں, بچوں کا باغ اور حوصلوں کی اڑان شامل ہیں. اسی ” حوصلوں کی اڑان” پر آپ کو 2022ء کا ساہتیہ اکادمی ایوارڈ برائے ادب اطفال تفویض ہوا ہے. ہم تمام اراکین بزم تعمیر ادب اس انعام پر انہیں دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور الله کریم سے دعا کرتے ہیں کہ آپ صحت و عافیت کے ساتھ سلامت رہیں اور اسی طنطنے سے ادب کی خدمت کرتے رہیں. نونہالان ملک و ملت بھی آپ کی اس کامیابی پر اپنے ننھے ہاتھوں سے مبارکباد کا گلدستہ پیش کرتے ہیں. میرا چھوٹا بیٹا منت الله خان اور پیاری نواسی فریحہ سحر اپنی توتلی زبان میں آپ کی عمر درازی کی دعا کرتے ہیں.

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button