حسیب علی ز بیری نے سات سال کی عمر میں قرآن مکمل کیا
انگریزی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کی دولت پانا بڑی نیکی اور سعادت ہے: شاہد زبیری

دیوبند، 8؍ جولائی (رضوان سلمانی) حسیب علی زبیری نے محض 7سال کی عمر اور صرف 6ماہ کی مدّت میں ناظرہ قرآن مکمل کر نیکی سعادت حاصل کی یہ سعادت اس نے اپنی پھوپھو فرزانہ شاہد پرنسپل شمسی بیسک اسکول سے گھر پر ہی حاصل کی ہے ۔حسیب علی زبیری سینٹ میریز کانوینٹ اکیڈ می میں سیکنڈ کلاس میں زیرِ تعلیم ہے اور اچھے نمبروں سے پاس ہوتا آرہا ہے ۔
آواز انڈیا فائونڈیشن نے حسیب علی زبیری کے اتنی کم عمر میں ناظرہ قرآن مکمل کئے جا نے پر حوصلہ افزائی اور دوسرے بچوں کی ترغیب کیلئے سر سیّد ڈے 17اکتوبر 2022 کو اپنے سالانہ انعامی پروگرام میں انعام دئے جا نے کا اعلان کیا ہے اور حسیب زبیری ،اس کی استانی اور والدین کو مبارکباد دی ہے ۔اس موقع پر صحافی ڈاکٹر شاہد زبیری نے بچے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کا پڑھنا اور پڑھانا بڑی خیر و برکت کا باعث ہے۔ حدیث میں بھی ان دونوں کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔ مفہوم حدیث یہ ہے کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے ، قرآن پڑھنے والا نہ صرف یہ کہ معاشرہ میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ اللہ کے یہاں بھی اس کے درجات بلند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دولت عظمیٰ عمر کی جس منزل میں بھی میسر ہو وہ انعام ربانی ہے، پھر چھوٹی عمر میں اس دولت کو حاصل کرنا اللہ کا خصوصی فضل ہے۔ انگریزی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کی دولت پانا یہ بھی بڑی نیکی اور سعادت ہے۔ اس سے دوسرے بچوں کے والدین کو بھی ترغیب حاصل کرنی چاہئے۔ میں اس موقع پر والدین کے ساتھ ساتھ بچے کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ اس کو علم وعمل کی توفیقات سے نوازے۔ حسیب زبیری کے والد وزیر علی زبیری اور والدہ شیبا زبیری نے بتا یا کہ وہ اپنے اس ہو نہار بیٹے کو حفظ کرانے کا بھی ارداہ رکھتے ہیں اورماڈرن ایجو کیشن کیساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ کرنا چا ہتے ہیں ۔