جے ڈی یو نے پارٹی ترجمان اجئے آلوک کو پارٹی سے نکالا باہر ، جانیں وجہ

بہار جنتا دل یو نے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل ہونے کے الزام میں پارٹی ترجمان اجئے آلوک سمیت چار لیڈروں کو پارٹی کے عہدوں سے ہٹاتے ہوئے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ سبھی راجیہ سبھا کا ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے مرکزی وزیر آر سی پی سنگھ کے قریبی بتائے جا رہے ہیں۔ جنتا دل یو کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا نے منگل کے روز پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری انل کمار، ریاستی جنرل سکریٹری وپن کمار یادو، ریاستی ترجمان ڈاکٹر اجئے آلوک اور بھنگ سماج سدھار سینانی سیل کے سربراہ جتیندر نیرج کو پارٹی کے سبھی عہدوں سے آزاد کرتے ہوئے جنتا دل یو کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیئے جانے کا اعلان کیا۔
ریاستی صدر نے کہا کہ یہ سبھی لوگ صرف پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ہی شامل نہیں ہو رہے تھے، بلکہ ان کی حرکتوں کے سبب کارکنان کے درمیان بھی غلط پیغام جا رہا تھا، جس سے غلط فہمی کی حالت پیدا ہو جا رہی تھی۔ انھوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پارٹی ریاستی صدر نے کچھ دن قبل ہی ایک خط جاری کر پارٹی کے اراکین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی مخالف سرگرمی میں شامل ہونے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ بہر حال، ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے آر سی پی سنگھ کے حامیوں کی فہرست تیار کر لی ہے۔ اب انھیں باہر کا راستہ دکھانے کی شروعات کر دی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جلد ہی مزید کچھ لیڈروں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔