بہار

جہیز اور نشہ اس وقت کا سب سے بڑا سماجی فتنہ : محمد اطہر القاسمی

مقامی یونٹ جمعیت علماء چین پور مصوریہ کے تحت جلسہ اصلاح معاشرہ میں سرکردہ علماء کی شرکت

ارریہ(توصیف عالم مصوریہ) گذشتہ شب جمعیت علماء ارریہ کی مقامی یونٹ جمعیت علماء پنچایت چین پور مصوریہ بلاک جوکی ہاٹ ارریہ کے زیراہتمام سماجی و معاشرتی برائیوں کی روک تھام اور صالح معاشرے کی تشکیل کے حوالے سے جلسہ اصلاح معاشرہ کا انعقاد ہوا۔اجلاس کی صدارت ضلعی صدر ڈاکٹر عابد حسین اور نظامت مفتی ممتاز احمد قاسمی نے کی جبکہ بطورِ مہمان خصوصی مفتی محمد اطہر القاسمی نائب صدر جمعیت علماء بہار و جنرل سکریٹری جمعیت علماء ارریہ کے ساتھ مفتی ہمایوں اقبال ندوی نائب صدر جمعیت علماء ارریہ،مفتی انعام الباری قاسمی ناظم اعلیٰ مدرسہ تنظیم المسلمین رجوکھر عیدگاہ،قاری امتیاز احمد صدر جمعیت علماء بلاک جوکی ہاٹ اور مولانا سلمان کوثر نعمانی سکریٹری جمعیت علماء پنچایت ڈوبا ضلع ارریہ شریک ہوئے۔طے شدہ نظام العمل کے مطابق بعد نمازِ مغرب اجلاس کا آغاز ہوا اور نو بجے شب اختتام پذیر ہوگیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقامی عالم دین مولانا عبد الواحد قاسمی نے تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سماج کے ایک ایک بچہ کو تعلیم وتربیت سے آراستہ و پیراستہ کرنے کی تلقین کی۔مولانا سلمان کوثر نعمانی نے کہا کہ جمعیت ملک کی وہ واحد سوسالہ جماعت ہے جو ملت اسلامیہ کے لئے بےلوث خادم بن کر ہر مصیبت میں کھڑی نظر آتی ہے،جمعیت کو مضبوط و مستحکم کرنا اور اس کے پیغام کو گھر گھر تک لےجانا ہم سبھوں کی مشترکہ ذمےدارای ہے۔مفتی انعام الباری قاسمی نے کہاکہ ساری برائیوں کی جڑ رب العالمین سے دوری ہے،انسان اگر رب کی معرفت حاصل کرلے تو اس کے لئے شریعت کے تمام احکامات پر عمل کرنا آسان ہوجائے گا۔
مفتی ہمایوں اقبال ندوی نے کہا کہ جمعیت علماء ارریہ لگاتار دو سال سے نشہ و جہیز کے خلاف تحریک چلارہی ہے،آج اگر ضلع میں نشہ اور جہیز موضوع بحث بنا ہوا ہے تو اس کے پیچھے جمعیت علماء ارریہ کی مسلسل تحریک کارفرما ہے۔موصوف نے قرآن مجید کی آیت پڑھتے ہوئے نشہ کے نقصانات سے لوگوں کو آگاہ کیا اور کہا کہ یہ سراسر شیطانی حرکت ہے،شیطان اس عمل سے آپس میں ایک دوسرے کو نفرت و عداوت کی بھٹی میں ڈال کر اس انسانی معاشرے کو تباہ وبرباد کردینا چاہتا ہے۔انہوں نے سماج کے ہر طبقے سے اس کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی۔
اخیر میں اپنے کلیدی خطاب میں مفتی محمد اطہر القاسمی نے کہاکہ اس وقت سماج کا سب سے بڑا فتنہ نشہ اور جہیز ہے،نشہ سے اگر نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے تو جہیز کی وجہ سے نکاح مہنگا اور بدکاری عروج پر آگئی ہے اور سماج کا تانہ بانہ بکھرتا چلا جا رہا ہے۔
مفتی صاحب نے کہاکہ اصلاح معاشرہ کے جلسے مسلسل ہورہے ہیں لیکن سماج کی اصلاح اس لئے نہیں ہوپارہی ہے کہ یہاں ہر شخص ایک دوسرے سے اصلاح کی امید لگائے بیٹھا ہےاور خود اپنی ذات سے اصلاح کا آغاز کرنا نہیں چاہتا۔
موصوف نے موجودہ فتنۂ جہیز کو بدترین بھیک اور پیشہ گداگری قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمارے سماج سے غیرت اٹھ چکی ہے اور لوگوں کا ضمیر مر چکا ہے،جو ماں باپ اپنے جگر گوشے کو ہمیشہ کے لئے ایک اجنبی گھرانے کے حوالے کررہےہیں ان سے اس عظیم قربانی کے عوض بطورِ رشوت روپیہ پیسہ اور سامان عیش و عشرت مانگا جاتاہے،انہوں نے کہاکہ آپ اگر اتنے ہی بےحس و بے ضمیر ہیں تو شادی کے دن اپنی پیشانی پر ایک پٹی باندھ کر لڑکی والے کے دروازے پر جائیں جس میں موٹے موٹے حروف میں یہ لکھا ہوا ہو کہ میں ماڈرن فقیر ہوں اور کئی روز سے بھوکا پیاسا بھی ہوں۔انھوں نے ایسے لڑکوں کو سخت پھٹکار لگاتے ہوئے سماج کو ایسی شادیوں کے بائیکاٹ کرنے اور ایک ایک فرد کو اس فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی اپیل کی اور نکاح کو آسان و مسنون بنانے کے لئے سبھوں کو کھڑا کرکے معاہدہ بھی لیا۔
موصوف کے خطاب کے بعد ضلعی صدر ڈاکٹر عابد حسین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ جمعیت کی پوری ٹیم آپ کے دروازے پر حاضر ہے،آپ سے درخواست ہے کہ آپ اس کے پیغام کو قبول کریں اور اپنی ذات سے اصلاح کا عزم کریں۔
اخیر میں اجلاس کے روحِ رواں مولانا محمد واصف قاسمی سکریٹری جمعیت علماء چین پور مصوریہ نے تمام مہمانانِ کرام اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے پنچایت کے ایک ایک گھر اور گھر کے ایک ایک فرد تک جمعیت علماء ہند کے پلیٹ فارم سے دین و شریعت کے پیغام کو لےکر جانے کا عزم کیا۔مفتی محمد اطہر القاسمی کی دعاء پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔
اجلاس کو کامیاب بنانے والوں میں جمعیت علماء بلاک جوکی ہاٹ کے صدر قاری امتیاز احمد،مولانا تنویر ندوی،مکھیا محبوب،سرپنچ ثاقب،سمیتی منور،وارڈ ممبر تنویر،وارڈ ممبر افتخار،وارڈ ممبر شمیم،وارڈ ممبر شمس الحق،حافظ مبارک،حافظ حنظلہ،حافظ محمد توصیف،محمد شاکر،منٹو و دیگر اراکین مقامی یونٹ پیش پیش رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button