جھانسہ دے کر سستی کاریں فروخت کرنے والا گینگ گرفتار

دیوبند،15؍ مئی(رضوان سلمانی) پولیس نے لگژری گاڑیوں کے جعلی دستاویزات تیار کرکے خریداروں کو لالچ اور جھانسہ دے کر فروخت کرنے والے گروہ کاپردہ فاش کیا ،یہ گینگ کافی عرصے سے ضلع سہارنپور میں سرگرم تھا، جس کا نیٹ ورک ہریانہ، دہلی این سی آر تک پھیلا ہواہے،سہارنپور پولیس نے گینگ کے چار ارکان کو گرفتار کیا ہے جبکہ دو ابھی بھی فرار ہیں، جن سے پوچھ گچھ کے دوران کئی بڑے انکشافات ہوئے ہیں ۔معاملہ کی معلومات ایس پی سٹی سمیت سہارنپور وپولیس نے پریس کانفرنس کرکے دی۔پولیس نے گینگ کے ارکان کو گرفتار کر کے جب پوچھ گچھ کی تو سارا معاملہ کھلتا چلا گیا۔ پولیس کے مطابق گینگ کے ارکان لگژری کار قسطوں پر خرید کرکے اس کو ایک دو ماہ تک چلانے کے بعد کھڑی کردیتے تھے۔ قرض کے نام پر ایک دو قسطیں بھی بینک کی سیٹنگ سے جمع کرائی جاتی تھیں۔
اس کے بعدگاڑی کے خریدارکی تلاش کی جاتی تھی اور گراہک سے کہاجاتا تھاکہ یہ کار جہیز ملی ہوئی ،جو سستی قیمت میں مل جائیگی۔15 لاکھ کی کار کا سودا دلالوں کے ذریعے آٹھ سے نو لاکھ روپے میںکرادیا جاتا تھا،جس کی وجہ سے لوگ اس گینگ کا شکار ہو جاتے تھے۔ اس کے لیے دہلی، این سی آر، ہریانہ اور سہارنپور میں دلالوں کا نیٹ ورک کافی متحرک رہتا تھا۔پولیس کے مطابق اب تک پولیس 14 کاریں برآمد کر چکی ہے۔ جبکہ خدشہ ہے کہ مزید ایک درجن سے زائد کاریں اور برآمد ہوسکتی ہیں،ساتھ ہی گینگ کے دو ارکان بھی فرار ہیں۔ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔ملزمان کو جیل بھیج کر مزید قانونی کارروائی شرع کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق جو کاریں ابھی تک برآمد ہوئیں ہیں ان میں چار آئی ٹونٹی،تین کریٹا،ایک تھار، ایک وینیو،ایک ورنا،ایک کیوڈ،ایک ٹاٹا نیکشن،ایک آرٹیگا شامل ہیں۔