دیوبند

جویریہ عثمانی نے فارمیسی ریسرچ ورک کے تحت اہم کارنامہ انجام دیا

امریکہ کی میگزین نے جویریہ عثمانی کی ریسرچ کو مضمون کی شکل میں شائع کیا

دیوبند، 20مارچ (رضوان سلمانی) دیوبند کے قدیم عثمانی خاندان کی ہونہار بیٹی جویریہ عثمانی نے جامعہ ہمدرد یونیورسٹی دہلی سے فارمیسی میں ریسرچ کرتے ہوئے نہایت اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ان کی اس کامیابی پر دیوبند کی علمی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جویریہ عثمانی اور ان کے والدین کو مبارکباد دی ہے۔

جویریہ عثمانی کے ریسرچ ورک کو دہلی کے ساتھ ساتھ امریکہ سے شائع ہونے والی میگزین’’بایومیڈیسن اینڈ فارما کو تھیراپی‘‘نے بھی مضمون کی شکل میں خصوصیت کے ساتھ شائع کیا ہے۔ہمدرد دواخانہ دہلی کے سابق ایڈورٹائزنگ منیجر اور مشہور ومعروف سماجی شخصیت مخمور عثمانیؒ کی پوتی اور معروف معالج ڈاکٹر طلعت عثمانی کی صاحبزادی جویریہ عثمانی جامعہ ہمدرد دہلی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد درختوں وپودوں سے حاصل ہونے والی ادویات پر ریسرچ کررہی ہیں۔ان کی ریسرچ کا موضوع’’ کس طریقہ سے پودوں کی مدد سے انسانی جسم سے انفیکشن کو دور کیا جاسکتا ہے‘‘ان کی ایک شاندار کامیابی اور اہم کارنامہ پر جامعہ ہمدرد دہلی کی جانب سے بھی جویریہ عثمانی کو اعزاز دیا گیا ہے۔ان کی اس کامیابی پر بین الاقوامی شاعر اور علمی شخصیت ڈاکٹر نواز دیوبند نے جویریہ عثمانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہایت اعزاز فخر کی بات ہے کہ نوجوان نسل خاص طور پر ہماری بچیاں تعلیمی میدان میں نئے سنگ میل عبور کررہی ہیں۔

پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند کی کار گذار پرنسپل محترمہ صفیہ گوہر نے جویریہ عثمانی کی اس عظیم الشان کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی وتعلیمی سرزمین دیوبند کے لئے جویریہ عثمانی کا کارنامہ قابل فخر اور لڑکیوں کے لئے قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ ہمدرد دہلی کے علاوہ پورے ملک میں متعدد اعلیٰ تعلیمی ادارے ہماری نوجوان نسل کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں ہر ممکن کوشش کررہے ہیں جس کا ثمرہ جویریہ عثمانی کی شکل میں ہمارے سامنے موجودہے۔سید وجاہت شاہ،خورشید صدیقی،مولانا نسیم اختر شاہ ،ڈاکٹر عبید اقبال عاصم اور دیگر تعلیمی شخصیات نے جویریہ عثمانی کی اور ان کے والدین کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمد للہ ہماری نوجوان نسل ریسرچ کے میدان سے لیکر انجینئرنگ ،میڈیکل ،آئی آئی ٹی اور دیگر اعلیٰ تعلیمی میدانوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے۔

کیونکہ تعلیمی مشن کے تحت پورے ملک میں مسلم نوجوانوں میں تعلیمی بیداری کے لئے متعدد تعلیمی مشن شاندار اور قابل قدر خدمات انجام دے رہے۔انہوں نے کہا کہ قوم وملت کے ہر نوجوان کا مشن تعلیم کا حصول ہی ہونا چاہئے اور ہر لڑکے اور لڑکی کو اپنا اہم مقصد تعلیم کو ہی بنانا چاہئے تاکہ آنے والی نسلیں تعلیم کی دولت سے مالا مال ہوسکیں۔جویریہ عثمانی کو مبارکباد دینے والوں میں صبا حسیب صدیقی،اسعد صدیقی،شمیم مرتضی فاروقی،محمد انس صدیقی،عظیم الحق،اسلامیہ انٹر کالج کے منیجر رضوان الحق ایڈوکیٹ،ڈاکٹر انور سعید اور اسلامیہ انٹر کالج کے پرنسپل ارشد زماں کے نام قابل ذکر ہیں۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button