جوبائیڈن کی زبان پھسل گئی، کملا ہیرس کو خاتون اوّل کہہ دیا

واشنگٹن: 79 سالہ امریکی صدر جوبائیڈن کی ایک بار پھر زبان پھسل گئی جس سے پریس کانفرنس میں بے اختیار قہقہے بلند ہوگئے۔
امریکی صدر جوبائیڈن اپنے خطاب کے دوران کوئی لفظ بھول جانے یا کسی کو کسی اور نام سے پکارنے کے باعث اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں اور ایک بار پھر پریس کانفرنس میں ان کی زبان پھسل گئی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں امریکی صدر جوبائیڈن پریس کانفرنس کر رہے ہیں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اس دوران صدر جوبائیڈن اپنی نائب صدر کملا ہیرس کے شوہر کے کرونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ خاتون اوّل کملا ہیرس کے شوہر کورونا کا شکار ہوگئے جس پر پریس کانفرنس کے شرکاء زور سے ہنس پڑے۔ ایک بار پھر صدر جوبائیڈن کی زبان پھسل گئی اور نائب صدر کے بجائے کملا ہیرس کو خاتون اوّل کہہ گئے۔
غلطی کا احساس ہونے پر اصلاح کی کوشش کے دوران صدر جوبائیڈن کی زبان دوبارہ پھسل گئی اور انھوں نے کملا ہیرس کو خاتون ثانی کہہ دیا اس پر شرکاء ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔
دراصل دوسری بار میں امریکی صدر جوبائیڈن کملا ہیرس کے شوہر کو مردِ ثانی کہنا چاہ رہے تھے جو کہ ان کا سرکاری لقب ہے لیکن وہ کملاہیرس کو خاتون ثانی کہہ گئے۔