دیوبند

جمعیۃ علما ء ہند سے وابستگی ملک و ملت کی ترقی کی ضمانت، دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں منعقد ہ اجلاس میں مولانا حکیم الدین قاسمی کا خطاب

دیوبند، 23؍ جنوری (رضوان سلمانی) ۱۲؍ فروری کو دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے جمعیۃ علماء ہند کے چونتیس ویں اجلاس عام کی تیاری کے سلسلہ میں ایک مشاورتی اجلاس جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ کے زیر اہتمام مولانا علی حسن مظاہری صدر جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ کی صدارت میں دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی نظامت جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ کے سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے کی۔

 

پروگرام کا آغاز دارالعلوم امدادیہ کے استاد تجوید و قرأت قاری محمد یاسر کی تلاوت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے شرکت کی۔خطبہ استقبالیہ ناظم اجلاس مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے پیش کیا ،جس میں جمعیۃ علماء ہند کے کام اور ملک و ملت کے مفاد میں اس کی سرگرمیوں کو بتایا اور جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس عام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ سے تشریف لائے تمام ضلعی صدور و نظما سے اپیل کی کہ وہ اجلاس عام میں شرکت کو یقینی بنائیں اور علاقائی طور سے ہر ممکن تعاون پیش کریں۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہندسے وابستگی تمام مسلمانوں کے لئے ضروری ہے، ملک کے موجودہ حالات میں اپنے دستوری حقوق کے تحفظ اور ملک و ملت کی ترقی کے لئے کامیابی کی ضمانت ہے۔

 

مولانا قاسمی نے کہا کہ یہ اجلاس عام کسی حکومت سے متاثر ہوکر یا کسی سے مرعوب ہوکر ہرگز نہیں ہورہا ہے بلکہ یہ تو جمعیۃ علماء ہند کا ایک دستوری طریقہ اور ایک نظام کے مطابق ہورہا ہے۔مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے این آر سی کے حوالہ سے کہا کہ موجودہ دور میں ووٹر لسٹ میں اندراج، آدھار کارڈ کی تیاری سب کے لئے ضروری ہے اور تمام دستاویزات مین یکسانیت کا خیال ضرور رکھا جائے،آنے والے یوم جمہوریہ کے حوالہ سے کہا کہ تمام حضرات اپنے اپنے حلقہ اثر میں یوم جمہوریہ کے پروگرام ضرور منعقد کریں اور اس میں برادران وطن اور سرکاری ضلع انتظامیہ کو شریک کرکے ملک و ملت کے لئے اپنے اکابر کی قربانیوں اور کارناموں کو ضرور بیان کریں۔جمعیۃ یوتھ کلب کے آرگنائزر مولانا قاری احمد عبداللہ نے بڑی انقلابی نظم سے مجلس کو پرجوش کردیا اور لوگون کو جمعیۃ اور اپنے اکابر سے وابستگی کا حوصلہ ملا۔الجمعیۃ بک ڈپو کے منیجر مولانا ضیاء اللہ قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی قربانیوں کو بیان کیا اور موجود حالات میں جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس عام کو ضروری قرار دیا۔

 

ناظم اجلاس مولانا خیرآبادی نے اجلاس عام کی تیاری کے سلسلہ میں ایک تشکیلی فارم پیش کیا جس کو تمام علاقائی ذمہدارا ن جمعیۃ نے بھر کر اپنے تعاون کا اظہار کیا۔بیت العلوم پپلی مزرعہ کے استاد مولانا شریف احمد قاسمی نے بھی تاریخی خطاب کیا۔حاجی محمد اکرام پانی پت، حافظ مطلوب حسن نرائن گڑھ، مولانا محمد عارف جیسلمیری، مولانا محمد عارف گڑھی جلالپور، حافظ محمد فرقان، مولانا عبدالخالق مظاہری ندوی ،پرواز میڈیا سینٹر کے ذمہ دار نور علی ہدایتی، مفتی مرغوب مالیر کوٹلہ، حافظ محمد انس کے علاوہ تینوں صوبوں کے ارکان عاملہ و مدعوئین خصوصی خاص طور پر شریک اجلاس رہے۔دارالعلوم امدادیہ یمنا نگر کے ناظم تعمیر و ترقی حافظ محمد تعریف، مولانا عبدالملک مظاہری قاری محمد منتظر قاری فرید الدین اور تمام اساتدہ مدرسہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور صدر اجلاس مولانا علی حسن مظاہری صدر جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ کے کلمات تشکر اور دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button