جمعیۃ علماء یونٹ دیوبند کی میٹنگ کا انعقاد ، اصلاحِ معاشرہ کی مہم چلانا جمعیۃ علماء ہند کا ایک عظیم کردار رہا ہے: مفتی خادم الاسلام

دیوبند، 16؍ فروری (رضوان سلمانی) جمعیۃ علماء (یونٹ دیوبند) کی ایک میٹنگ تلہیڑی بس اسٹینڈ مستری ابوالکلام تیاگی کی رہائش گاہ پرحاجی محمد یاسین صدر جمعیۃ علماء دیوبندکی زیر صدارت منعقد کی گئی ، میٹنگ کا آغاز حافظ حیدرعلی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، میٹنگ کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے مولانا مفتی خادم الاسلام قاسمی آرگنائزر جمعیۃ علماء دیوبند نے بتایا کہ اس وقت ہمارے سماج میں بہت ساری برائیاں پھیل چکی ہیں، جوا، سٹہ، جھوٹ، غیبت، دھوکہ، پڑوسی کو ستانا، حقدار کا حق نہ دینا، عبادت میں کوتاہی، جمعیۃ علماء ہند کے وسیع پلیٹ فارم سے جہاں ملک و ملت کو درپیش مسائل پر چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں پر اصلاحِ معاشرہ کی مہم چلانا بھی جمعیۃ علماء ہند کا ایک عظیم کردار رہا ہے ، لہٰذا ہم سب کو اس کردار کو مزید جِلا دینے کے نتیجہ خیز محنت کرنی ہوگی، اسی لئے آج بلاک ناگل کے دیہات کی میٹنگ منعقد کی گئی ہے ۔ اس دوران محمد رکبان تیاگی نے کہا کہ گزشتہ12؍فروری کو رام لیلا گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند و امیر الہند نے جو کہا اُس کا حرف بہ حرف آئینۂ ہند اور مذہبِ اسلام کے اعتبار سے بالکل درست اور صحیح ہے اور اُس وقت حضرت صدرِ محترم کی شان کے مطابق یہی بیان تھا؛ لیکن افسوس کچھ لوگ اپنا قد اونچا کرنے کے لئے حضرت کے بیان کو ملک میں ہندو ، مسلم، سکھ ، عیسائی، جینی بھائی چارے کو ختم کرنے کے لئے اور سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے اس بیان کا غلط سہارا لینا چاہتے ہیں۔ ابوالکلام تیاگی نے کہا کہ ہمارے ہندو ، سکھ، عیسائی، جینی دھرم کے گرو بھی حضرت کے بیان کی تعریف کر رہے ہیں اور ملک کے اندر امن و امان کو قائم کرنے اور ہم سب ایک ہونے کی آواز مولانا ارشد مدنی کے ساتھ ملارہے ہیں، اور سبھی دھرم گرو اپنے اپنے سطح پر مولاناکے بیان کا مطلب سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب برقرار رکھنے کے لئے جمعیۃ علماء ہند اور مولانا ارشد مدنی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں، میں ان تمام دھرم گرؤں کو مبارک باد پیش کرتا ہو ںاور شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔ قاری حاجی محمد گلفام نائب صدر جمعیۃ (ہند) دیوبند نے کہا کہ ہم ان شاء اللہ اصلاحِ معاشرہ کے لئے جان مال، عزت آبرو ہر طرح کی قربانی دے کر جمعیۃ علماء ہند کے اس کامیاب مشن کو مزیدزمینی سطح پر قائم کرنے کی کوشش کریںگے تاکہ سماج سے ہر طرح کی برائیاں مٹ جائیں اور مسلمان سنتِ رسول ﷺ کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ مولانا مفتی اخلاق دیوبندنے کہا کہ عنقریب ہم ان شاء اللہ مولانا سید ازہر مدنی ناظم کل ہند اصلاحِ معاشرہ جمعیۃ علماء ہندکے حکم سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کریںگے جس میں سب ڈویژن دیوبند کے حضراتِ علمائے کرام ، ائمۂ عظام ، متولیان مساجد اور شہر وتحصیل دیوبند کے ہر گاؤں سے سرکردہ اور محنتی افراد کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اصلاحِ معاشرہ کے لئے نتیجہ خیز کمیٹیاں تشکیل دی جا سکیں اور مولانا سید حبیب اللہ مدنی صدر جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور و کنوینر اصلاحِ معاشرہ کمیٹی مغربی اتر پردیش کو اس کانفرنس کا روحِ رواں قرار دیا گیا ہے ۔ حاجی محمد یاسین صدر جمعیۃ علماء دیوبندنے کہا کہ موجودہ ملکی حالات سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ، ہم اللہ کے ماننے والے ہیں اور حضرت رسول اللہ ﷺ کے طریقہ کے مطابق زندگی گزار کر ہی ہماری کامیابی ہے ۔ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ دستورِ ہند کا ساتھ بنا کر ہی اپنی کوشش کو جاری رکھتی ہے ،اس لئے تمام ممبران جمعیۃ علماء ہندکھل کر اور حکمتِ عملی کا سہارا لے کر محنت کرنی چاہئے ۔ حاجی محمد یاسین کی رقت آمیز دعا پر یہ میٹنگ اختتام کو پہنچی ، میٹنگ میں عبدالخالق امیر ،محمد اسلم امیر ، محمد عثمان ، محمد ارشاد ، جمشید علی ، عبداللہ ،نوشاد ، شہزاد، عمر، محمد گلشیراور محمد طالب بطورِ خاص موجود رہے۔