جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 12فروری کو دہلی میں ہونے و الے اجلاس کی تیاریاں تیز
جمعیۃ علماء ہند نے اپنے قیام کے روز سے ہی اپنے اصول کی حفاظت کے لئے لڑائی لڑی : مولانا گلفام

دیوبند، 6؍ فروری (رضوان سلمانی) جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 12فروری کو رام لیلا میدان میں ہونے والے اجلاس کے سلسلہ میں جنگی پیمانے پر تیاریاں شروع ہیں، اسی تناظر میں جمعیۃ علماء یونٹ سہارنپور کے نائب صدر مولانا محمد گلفام کی قیادت میں سرساوہ بلاک کے مختلف گائوں کا دورہ کیا اور انہوں نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ اجلاس میں شرکت کی اپیل کی۔ انہو ںنے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایک ایسی جماعت ہے جو ملت اسلامیہ کے مسائل کو ہر پلیٹ فارم سے اٹھاتی ہے جیسا کہ یہ بات واضح ہے کہ جمعیۃ علماء ہند نے اپنے قیام کے روز سے ہی اپنے اصول کی حفاظت کے لئے لڑائی لڑی اور اس کے رہنما تحریک آزادی اور ترک مولات میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ اس کی پرزور حمایت کی ۔ جمعیۃ علماء ہند اپنے ماضی اور حال کی روشنی میں ایک باہمت اور دوراندیش جماعت ہے ۔ اس جماعت نے ہمیشہ ملت اسلامیہ کی رہنمائی کی اور جب بھی مسلمانوں کو وقت پڑا وہ سامنے کھڑی نظر آئی۔ مولانا گلفام نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے اجتماعی نظام کو بہترین انداز میں جاری رکھنے کی خدمات جمعیۃ علماء ہند نے جاری رکھی ہے۔ ملت اسلامیہ کے اندرونی وبیرونی تقاضوں اور مسائل پر جمعیۃ علماء ہند پورے ملک کے ہر صوبہ میں ہر محاذ پر اپنے قیام سے لے کر آج تک مسلسل سرگرم ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے محض انگریز سامراج کے خلاف قیدخانوں کو آباد نہیں کیا بلکہ اسی دوران انگریز سے آزادی کے بعد کے ہندوستان کے لئے علوم دینیہ وسیاسیہ کی غیرمعمولی فہم کے ساتھ مشترکہ نظام کا خاکہ بھی مرتب کیا ۔ مولانا نے اس بات کا احساس دلایا کہ آج جمعیۃ علماء ہند اپنے آپ کو ملک ملت کی ضرورت ثابت کرچکی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 12فروری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوکر تعاون پیش کریں ۔ بلاک سرساوہ کے نائب صدر مولانا محمد عثمان خورشیدی نے جمعیۃ علماء ہند کے 34ویں اجلاس کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک وملت کے سامنے ہمیشہ مسائل رہے ہیں ، جن پر اجتماعی غور وفکر کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ایک مستحکم اور پائیدار لائحہ عمل تیار کرکے آگے بڑھاجائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایک ایسی جماعت ہے جو ہمیشہ ملت کے کام میں پیش پیش رہی ہے ۔ اس لئے اس جماعت کو مستحکم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 12فروری کو ہونے والے اجلاس کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔