دیوبند

جمعیۃ علماء ہند شاخ بڈھانہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس اختتام پذیر

اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی گئی

دیوبند،2؍جولائی (رضوان سلمانی)  جمعیۃ علماء ہند شاخ بڈھانہ کی مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس میں عیدالاضحی (بقرعید) کے موقع پر قربانی کی افواہوں پر دھیان نہ دینے اور کھلے میں قربانی نہ کرنے اور قربانی کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل نہ کرنے کی اپیل کی گئی اس کے ساتھ ساتھ ملک میں نفرت پھیلانے والوں کی مخالفت کی گئی۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں ادے پور کے واقعہ کی بھی مذمت کی گئی اور نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

 

ہفتہ کو کربلا روڑ پر واقع مسجد حمزہ میں منعقدہ مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء بڈھانہ شہر صدر حافظ شیردین نے کی اور نظامت حافظ تحسین اور محمد آصف قریشی بڈھانوی نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں مجلس عاملہ کے اراکین کے علاوہ عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں جس میں تعلیمی بیداری مہم جاری رکھنے اور مساجد و مدارس کے سروے اور بارش کے موسم میں درخت لگانے اور جمعیۃ علماء ہند کے دونوں گروپوں کے انضمام پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ اپنے صدارتی خطاب میں جمعیۃ علماء بڈھانہ کے شہر صدر حافظ شیردین نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک روشن تاریخ ہے، جمعیۃ کے بزرگوں نے ملک کی آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور بڑی خدمات انجام دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مدارس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اور مساجد سے پڑھنے والا ہمارا امام پیشوا بن کر ہماری رہنمائی کرتا ہے۔حافظ شیردین نے عیدالاضحی کے حوالے سے کہا کہ مسلمان عید الاضحیٰ 10 جولائی 2022 کو منائیں گے جو کہ ایک انتہائی مقدس تہوار ہے،

 

انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قربانی پردے میں کریں اور کسی بھی قسم کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل نہ ہو اور صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے قربانی ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی ہمیشہ کی طرح کی جائے گی، افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ حافظ شیردین نے عیدالاضحی کی اہمیت اور فضیلت کے متعلق ۵ پروگرام کرنے کی تجویز بھی دی جسے قبول کرلیا گیا۔ ضلع سکریٹری و میڈیا انچارج محمد آصف قریشی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے گزشتہ دنوں جمعیۃ علماء ہند بڈھانہ کی طرف سے کئے گئے کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ برسات شروع ہو چکی ہے، اس میں جمعیۃ کے تمام کارکنان پہلے کی طرح درخت لگائیں۔ آصف قریشی بڈھانوی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے انضمام کی دونوں گروپوں کی خبریں آرہی ہیں جو کہ قابل ستائش ہے۔ جس پر تمام اراکین نے خوشی کا اظہار کیا۔ مجمع میں موجود تمام مقررین نے نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی نوپور کے بیان کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی حکومت نوپور کو گرفتار کرے۔ مولانا عاقل قاسمی نے کہا کہ ادے پور میں جو واقعہ ہوا،

 

ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ واقعہ انتہائی غلط ہے۔ ادے پور واقعہ پر حضرت مولانا سید ارشد مدنی کے بیان کی تائید اجلاس میں ہوئی۔ مفتی آزاد قاسمی قاری عبدالقادر فلاحی نے تعلیمی بیداری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے بچوں کو دونوں علوم حاصل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تعلیم سب سے اہم ہے۔ مولانا صنور قاسمی اور مفتی زاہد حسین قاسمی نے تنظیم کی مضبوطی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔انہوں نے تنظیم کی توسیع کے حوالے سے اپنی رائے بھی دی۔کوثر علی رانا نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے خلاف ہیں،جو نفرت پھیلاتے ہیں۔ حافظ اللہ مہر نے موسم برسات میں درخت لگانے کی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سے آکسیجن ملتی ہے۔ حاجی شرافت علی نے کہا کہ جمعیۃ علماء مساجد اور مدارس کا سروے کرائے گی۔

 

مولانا عبدالجلیل نے عید الاضحی کے حوالے سے اپنے خیالات رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیں تہوار کو امن کے ساتھ منانا ہے۔ تقریب سے مولانا شہزاد حافظ عبدالغفار حاجی شرافت قاری ندیم راشد منصوری اسلام سیفی نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران مفتی یامین قاسمی، اسلام سیفی، اقبال رانا، حاجی حسین، روض الدین انصاری، قاری تجمل حسن، قاری عثمان، قاری فرمان، نذر محمد، حافظ نعیم، حافظ عبدالجبار، ندیم علی، محمد نوید فریدی، حافظ کامل، حاجی علی جان آڑتی، شاہد قریشی، حافظ خالد وغیرہ موجود تھے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button