جمعیۃ علماء سے ہمارے تعلقات قدیم ہیں اور اس جماعت کے صدر مولانا سید ارشد مدنی ہمارے نزدیک قابل احترم شخصیت ہیں
ہندوستان میں سعودی وزارت مذہبی امور کے نمائندے بدر بن ناصر العنزی

ممبئی 29/اگست (ہندوستان اردو ٹائمز) سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کے نمائندے بدر بن ناصر العنزی نے آج جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صوبائی دفتر میں ذمہ داران جماعت سے ملاقات میں کہا کہ دین اسلام کی بنیاد ی تعلیم دعوت توحید ہم سب کا مشترکہ ورثہ ہے،جس کا حکم اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں دیا ہے اور اللہ کے رسول ﷺ اور سارے انبیاء کرام اسی حقیقت سے عالم انسانیت کو روشناس کرانے کے لئے دنیا میں بھیجے گئے تھے۔
وزارت مذہبی امور کے نمائندے نے جمعیۃعلماء حلال سرٹیفکیشن سیکشن کا بطور خاص معائنہ کیا اور اس دفتر کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج تقریباً ہر جگہ ہوٹلوں میں کھانے پینے کی حلال اشیاء کا مطالبہ کیا جاتا ہے،جو ایک عمدہ طرز عمل ہے،جمعیۃعلماء حلال کا تعلق بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک کی حلال تنظیموں سے ہے جن میں سعودی عرب بھی شامل ہے۔
جمعیۃعلماء حلال سرٹیفکیشن کے ڈائریکٹر گلزار احمد اعظمی نے سعودی وزارت مذہبی امور کے نمائندے کے سامنے بعض قانونی دقتوں کا ذکر کیا جس کے سبب سعودی عرب میں حلال اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
سعودی وزارت مذہبی امور کے نمائندے نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ذمہ داروں کی کوششوں کو سراہا۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مہمان کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا جس میں جمعیۃعلماء کا اجمالی تعارف کرایا گیا ہے،گلزار احمد اعظمی سکریٹری قانونی امداد کمیٹی و ڈائریکٹر جمعیۃ علماء حلا ل سر ٹیفکیشن،مفتی محمد یوسف قاسمی خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مولانا محمد عارف عمری رکن مجلس عاملہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے مہمان مکرم اور ان کے رفقاء کا گلدشتوں سے خیر مقدم کیا۔