جمعیۃ علماء سرساوہ یونٹ کی جانب سے 12فروری کے اجلاس کو لے کر میٹنگ کا انعقاد
جمعیۃ علماء نے ہمیشہ ملت اسلامیہ کی آواز کو بلند کیا ہے: مولانا محمد عثمان خورشیدی

دیوبند، 3؍ فروری (رضوان سلمانی) 12فروری کو جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے دہلی کے رام لیلا میدان میں ہونے والے 34ویں اجلاس عام کے تعلق سے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع ہیں ۔ اسی سلسلہ میں جمعیۃ علماء بلاک سرساوہ کی جانب سے بھی آج مرکز والی مسجد سرساوہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور 12فروری کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء بلاک سرساوہ کے صدر مولانا محمد عثمان خورشیدی نے میٹنگ میں موجود افراد کو اجلاس کے سلسلہ میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء نے ہمیشہ ملت اسلامیہ کی آواز کو بلند کیا ہے اور ہر نازک وقت میں جمعیۃ علماء ہند ساتھ کھڑی رہی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم اپنے قیام کے ہی روز سے اپنے اصول کی حفاظت کے لئے لڑی اور اس کے رہنما نے تحریک آزادی میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ اس کی پرزور حمایت کی ۔
انہو ں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے اس ملک میں مسلمانوں کا حق قائم کرنے اور مسلمانوں کو ان کے دینی ودنیاوی تقاضوں ومسائل میں خدمات ورہنمائی پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ تقسیم کے بعد کے مشکل دور میں جمعیۃ علماء ہند نے مسلمانوں کے جان ومال ، عزت وآبرو کی حفاظت کے لئے جاں نثاران خدمات انجام دیں اور قانونی وسیاسی مسائل میں ڈنکے کی چوٹ پر ملت کا مفاد پیش کیا ۔ مذہبی آزادی، مساجد، مدارس، مراکز، خانقاہ، درگاہ اور اوقاف کے تحفظ اور ان کے حقوق کی جنگ لڑی اور معاشرتی سطح پر قومی ہم آہنگی اور امن وامان کی فضا ہموار کرنے کی بھرپور کوششیں کیں۔ مولانا نے شرکاء مجلس کو تاکید کے ساتھ اس بات کا احساس دلایا کہ آج جمعیۃ علماء ہند خود کو ملک وملت کی ضرورت ثابت کرچکی ہے ،
مولانا محمد اسعد مدنی کی سربراہی میں جمعیۃ علماء نے بڑے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں ۔ مولانا محمد عثمان خورشیدی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا 34واں اجلاس عام دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے جارہا ہے جسے ہم سب کو اپنی محنتوں سے کامیاب بنانا ہے۔ انہو ں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرساوہ بلاک سے بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ جمعیۃ علماء بلاک سرساوہ کے نائب صدر مولانا محمد گلفام نے جمعیۃ علماء ہند کے 34ویں اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک وملت کے سامنے ہمیشہ ایسے مسائل رہے ہیں جن پر اجتماعی غور وفکر کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ایک مستحکم اور پائیدار لائحہ عمل طے کرکے آگے بڑھا جائے۔
موجودہ وقت میں ملت کے سامنے بہت سے چیلنج ہیں جن کا ہوش مندی سے حل نکالنا ضروری ہے، لیکن مایوس اور فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہو ںنے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند اپنی تاریخ اور روایت کے مطابق 10-11-12فروری کو رام لیلا میدان نئی دہلی میں اجلاس عام کررہی ہے، آئینی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد اجلاس عام 12فروری بروز اتوار صبح 9بجے رام لیلا میدان میں شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند تمام تحریکات کی محافظ جماعت ہے اس لئے اس جماعت کو مستحکم کرنا خود کو مستحکم کرنا ہے ۔ انہوں نے موجود سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اجلاس عام میں شرکت کو یقینی بنائیں اور علاقائی طور سے ہر ممکن تعاون پیش کریں۔ پروگرام کی صدارت مولانا محمد گلفام نے کی اور نظامت کے فرائض مولانا شہزاد نے انجام دی۔ اس موقع پر علاقہ کے سیکڑوں افراد موجود رہے۔