دیوبند

جمعیت علماء ضلع مالیر کوٹلہ پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس اختتام پذیر

مختلف قرارداد منظور، آج میدان عمل میں اترنے کی ضرورت ہے: مولانا امیر حمزہ

دیوبند، 7؍ جولائی (رضوان سلمانی) جمعیۃ علماء ضلع مالیر کوٹلہ پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس دارالعلوم محمودیہ موضع عظیم آباد سنگھین میں منعقد ہوا ۔ اس کا آغاز قاری محمد مرسلین تلاوت کلام اللہ سے ہوا ۔مجلس عاملہ کے اس اجلاس میں اودے پور واقعہ کی سخت مذمت کی گئی اور و نوپور شرما کی گرفتاری کا پرزور مطالبہ کیا گیا ، اسی کے ساتھ ساتھ ملک کے امن و شانتی کو نقصان پہنچانے والوںو فرقہ پرستی کا زہر گھولنے والوں کی سخت مخالفت کی گئی ۔ مہمانان خصوصی کے طور پر معروف عالم دین مفتی محمد عارف جسلمیری ، ماسٹر محمد یوسف ،قاری محمد عرفان حقانی ،مفتی محمد ثاقب قاسمی، مفتی ذکی اللہ قاسمی نے شرکت کی ۔

اجلاس میں جمعیۃ علماء کے اراکین کے علاوہ عہدے داران کے علاوہ ریاست پنجاب سے علماء کرام موجود رہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قراردادیں منظور کی گئیں، جس میں نشہ مخالف مہم کو جاری رکھنا ، تعلیمی بیداری مہم کو جاری رکھنا ، اصلاح معاشرہ کے عنوانات پر قریہ قریہ شہر شہر میں پروگرامات کرانے پر زور دیا گیا جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ ایسے ہی عید الاضحی کے مقدس تہوار کے موقع پر قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اسی کے ساتھ ساتھ قربانی کی تصویر کشی سے پرہیز کرنا تاکہ کسی بھی برادران وطن کو تکلیف نہ پہنچے ۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں مولانا امیر حمزہ نے کہا آج میدان عمل میں اترنے کی ضرورت ہے روایاتی چیزوں کو بالائے طاق رکھ کر حالات حاضرہ کے مطابق چلنے کی ضرورت ہے امت مسلمہ خصوصاً ہند کے مسلمانوں کو چاہیے کہ ایک وقت کی روٹی کھانی پڑے حالات درست نہ ہونے کی بنیاد پر لیکن اپنے بچوں کو دینی و عصری تعلیم ضرور دیں ۔

مہمان خصوصی کے طور پر تشریف لائے معروف قلمکار مفتی عارف ، صدر جمعیۃ علماء لدھیانہ نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک روشن تاریخ ہے جمعیۃ علماء کے بزرگوں نے ملک کی آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور ہمارے علماء کرام نے بڑی بڑی قربانیاں پیش کی جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ جمعیۃ علما ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو دینی فلاحی سماجی کام کرنے والا کوئی بھی شخص آکر اس کا رکن بن کر کام کرسکتا ہے ۔ قاری محمد عرفان حقانی نے نشہ مخالف کے عنوان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نشہ ایک مہلک بیماری ہے جو معاشرے کے لیے زہر قاتل ہے، علماء کرام کو اس مہم کے اوپر محنت کرنی ہوگی و نوجوان نسل کو محفوظ رکھنا ہوگا ۔ قاری محمد انس نائب صدر جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ نے فرقہ پرست طاقتوں کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی امن و شانتی والی فضاکو ختم نہ کریں یہ اس ملک کی خوبصورتی ہے کہ اس ملک میں مختلف مذاہب کے لوگ صدیوں سے پیار و محبت کے ساتھ رہتے آئے ہیں ۔

مفتی مرغوب الرحمن قاسمی صدر جمعیۃ علما ضلع مالیر کوٹلہ نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء کے دونوں گروپوں کے انضمام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند قدم ہے اور جمعیۃ علماء ضلع مالیر کوٹلہ کی طرف سے کیے گئے کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ آئندہ بہت جلد سرزمین مالیر کوٹلہ میں ایک تاریخی عظمت صحابہ و سیرت النبی ؐکانفرنس جمعیۃ علماء ضلع مالیر کوٹلہ کی طرف منعقد کی جائے گی ۔ اس موقع پر قاری محمد فرقان سکریٹری جمعیۃ علما ،مولانا نعمان صدر جمعیۃ علماء پٹیالہ ، قاری محمد عادل صدر جمعیۃ علماء راجپورہ ، ماسٹر محمد یوسف لدھیانوی ، قاری محمد نفیس احمد گڑھ ، قاری محمد صادق یزدانی مہتمم مدرسہ فرواہی ،قاری محمد اسجد رائے کوٹ بسیاں ، حافظ راغب مہتمم مدرسہ جاتیوال ، قاری صدام باقرپوری ، مولانا زبیر مہتمم مدرسہ باگڑیاں ، قاری صدام مہتمم مدرسہ نابھہ، محمد الیاس کامریڈ مالیر کوٹلہ، مولانا انتظار مظاہری ، حافظ محمد مرسلین سنگھین، قاری محمد دلشاد ، مولانا محمد عاصم ندوی ، قاری محمد قاسم ، حافظ محمد اسامہ ، منشی محمد جاوید طاہر پوری ، عبد المجید ، حافظ محمد حنیف مانگیوال، قاری محمد عادل پٹیالہ، قاری محمد طالب پٹیالہ، قاری محمد الیاس پٹیالہ ، قاری محمد رافع راجپورہ وغیرہ موجود رہے۔ آخر میں اجلاس کے سرپرست مولانا محمد سالم مہتمم دارالعلوم محمودیہ کی دعاء پر اجلاس کا اختتام ہوا و صدرِ جمعیۃ علماء ضلع مالیر کوٹلہ نے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض مفتی مرغوب الرحمن قاسمی صدر جمعیت علماء ضلع مالیر کوٹلہ نے انجام دیے ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button