بہار

جمعیت اوپن اسکول کا تعارفی پروگرام بحسن و خوبی اختتام پذیر

پورنیہ۔٢٦/جون (صادق قاسمی) پورنیہ کمشنری کے تحت بائسی بلاک میں واقع مشہور دینی ادارہ دارالعلوم زکریا حرم پور /بائسی ضلع پورنیہ میں آج بتاریخ 26_جون بروز اتوار _جمعیت علماء ضلع پورنیہ کے زیر اہتمام جمعیت اوپن اسکول کا تعارفی پروگرام منعقد ہوا ، پروگرام میں شرکت کیلئے تشریف لائے مہمان خصوصی کوارڈینیٹر جمعیت اوپن اسکول صوبہ دہلی جناب مولانا ولی اللہ صاحب قاسمی نے جمعیت اوپن اسکول کے نظم و نسق اور اس کے طریقہ تعلیم کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے طلبہ مدارس اسلامیہ کیلئے اس کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے فرمایا کہ یہ ایک بڑا المیہ ہیکہ بہت سے فضلاء مدارس کے پاسپورٹ میں مدارس کی بڑی بڑی ڈگریوں کے باوجود انہیں جاہل لکھا جاتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ مدارس کے اسناد کی سرکار کے نزدیک کوئی حیثیت نہیں ہے ، تو کیوں نہ ہم جمعیت اوپن اسکول کے ذریعے کم از کم دسویں کی سرٹیفکیٹ حاصل کرلیں تاکہ سرکاری کاغذات مثلاً پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ بنوانے میں دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے،

اسی طرح پروگرام میں شریک جمعیت علماء ضلع کشنگنج کے جنرل سکریٹری جناب مولانا خالد انور صاحب نے ذمہ داران مدارس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے نصاب تعلیم کو بہتر اور مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سلسلے میں ضلع سطح پر ذمہ دارانِ مدارس کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور سبھی مدارس میں ایک جامع نصاب تعلیم پر اتفاق رائے کرنا چاہیے _اجلاس میں موجود سبھی حاضرین نے مہمانان کی باتوں کو بغور سنا اور انہوں نے قائد جمعیت جناب مولانا محمود مدنی صاحب مدظلہ العالی اور اکابرین جمعیت علماء ہند کی دور اندیشی اور طلبہ مدارس کے تئیں فکر مندی کو سراہتے ہوئے جمعیت اوپن اسکول کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور تقریباً سبھی ذمہ داران مدارس نے جمیعت اوپن اسکول سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع پورنیہ میں اس کے برانچیز کے قیام کیلئے اپنی درخواستیں پیش کیں جس پر جلد عمل درآمد کی ذمہ داران نے یقین دہانی کرائی –

واضح رہے کہ جمعیت علماء ہند کا مشن پانچ سال میں کم از کم پچاس ہزار طلبہ مدارس کو جمعیت اوپن اسکول کے ذریعہ دسویں کا سرٹیفکیٹ دستیاب کرانا ہے،
انشاء اللہ العزیز دیگر اضلاع کی طرح ضلع پورنیہ کے مختلف مدارس میں بھی جمعیت اوپن اسکول کا قیام جلد ہی عمل میں لایا جائے گا _خواہشمند حضرات ذمہ دارانِ مدارس اس سلسلے میں ضلع پورنیہ کے جنرل سکریٹری جناب مولانا ابوصالح صاحب قاسمی مدظلہ سے رابطہ کر کے ضروری معلومات حاصل کرلیں!

اجلاس کی نظامت جمعیت علماءِ ضلع پورنیہ کے جنرل سکریٹری جناب مولانا ابوصالح صاحب قاسمی نے فرمائی اور جمعیت علماءِ ضلع پورنیہ کے صدر محترم جناب مولانا امتیاز صاحب قاسمی مدظلہ العالی کی تشکرانہ کلمات کے بعد انہیں کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button