دیوبند

جشن آزادی کے امرت مہاتسو کے تحت مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند میں خصوصی پروگرام منعقد

تمام اہل وطن حب الوطنی کے جذبہ کیساتھ ملک کی جمہوری روایات کو برقرار رکھنے کا عہدکریں۔سہیل صدیقی

دیوبند،13؍اگست(رضوان سلمانی) مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے زیر اہتمام جشن آزادی کا امرت مہاتسو کے تحت ایک خصوصی تقریب کیاانعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ادارہ کے منیجر سہیل صدیقی نے مجاہدین جنگ آزادی اور جنگ آزادی میںعلماء کے کردار اور قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو آزاد کرانے کا مقصد یہ ہی ہے کہ اس ملک میں بسنے والی تمام قومیں اور مذہب سے تعلق رکھنے والے طبقات بلاتفریق مذہب وملت خوشحالی سے زندگی بسر کریں اور اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب وروایات کو زندہ وتابندہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ہر فرد کو حب الوطنی کا جذبہ اپنے دل ودماغ میں مؤجزن رکھتے ہوئے اس ملک کی جمہوری روایات،ملک کے آئین کی پاسداری کو برقرار رکھنے کے ساتھ اس عظیم ملک کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے میں کردار ادا کرنا ہے۔

سہیل صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر گھر ترنگا اور گھر گھر ترنگا کو عملی شکل دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے تمام اہل وطن باالخصوص اہل دیوبند سے اپیل کی کہ وہ پورے جوش وخروش کے ساتھ 75ویں یوم آزادی کے تحت آزادی کا امرت مہاتسو کو پروقار انداز میں منائیں۔مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے نائب منیجر سید آصف حسین نے آزادی کی تاریخ کا تذکرہ کرتے ہوئے جنگ آزادی میں دیوبند اور علمائے دیوبند کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کی خاطر علمائے دیوبند کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش اور جنگ آزادی کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں جن کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کا امرت مہاتسو اور ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانا چاہئے۔

دیوبند کے سابق چیئرمین اور ادارہ کے سینئر کارکن انعام قریشی نے بھی 75ویں جشن آزادی کو پورے جوش اور ولولہ کے ساتھ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل وطن کو آزادی کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے اور آزادی کی شمع کو روشن رکھنے کے لئے ہر طرح کی قربانی پیش کرنے کے جذبہ سے سرشار رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 17؍اگست تک ہر گھر پر ترنگا لہرانا چاہئے۔ان کے علاوہ ادارہ کے سینئر کارکنان حافظ عبد الخالق،محمد یاسین،محمد اشتیاق،محمد رفیع،ذیشان عمر ودیگر ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یوم جشن آزادی کے تئیں اپنے جوش وجذبات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر مسلم فنڈ ٹرسٹ کا جملہ اسٹاف موجود رہا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button