
ممبئی ، 3 جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز) مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور سے ایک شخص سائیکل پر تقریباً 1100 کلومیٹر کی مسافت طے کر کے ممبئی اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان سے ملنے پہنچا۔ جبل پور کے رہائشی سلمان خان کے پرستار اپنا نام سمیر بتاتے ہیں اور خود کو اداکار کا ’دیوانہ‘ کہتے ہیں۔
سمیر کی ممبئی آنے کا علم سلمان خان کو نہیں تھا اور نہ ہی سمیر کو یقین تھا کہ وہ ممبئی جا کر اپنے پسندیدہ اداکار سے مل سکتے ہیں۔لیکن سمیر جب ممبئی میں سلمان خان کے گھر کے باہر پہنچے تو اتفاق سے سلمان خان اپنے گھر پر ہی موجود تھے اور انہوں نے سائیکل پر اتنا لمبا سفر کرنے والے اپنے پرستار کو مایوس نہیں کیا اور وہ اپنے گھر سے باہر آکر سمیر سے ملے۔ دونوں کی ملاقات کی ایک تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں سلمان خان کو اپنے فین کی سائیکل کو تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیاہ رنگ کی اس سائیکل کے اگلے حصے پر سمیر نے اپنی اور سلمان خان کی تصاویر بھی آویزاں کر رکھی ہیں۔نیز دوسری جانب سلمان خان اپنے پرانے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے کو بھی سلور اسکرین پر متعارف کروانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
انٹرٹین منٹ کی خبروں کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ پنک ولا کے مطابق سلمان خان نے مشہور انڈین ہدایت کار ستیش کوشک سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے ٹائیگر کے ساتھ فلم بنائیں۔رپورٹ میں سلمان خان کے قریبی ذرائع سے منسوب کرکے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بالی ووڈ کے دبنگ خان نے ٹائیگر کی فلم کے لیے اداکاراؤں سے بھی رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے اور وہ اب تک تین ہیروئینوں سے اس فلم میں کام کرنے کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔