جانیں کون ہیں کیمرون گرین: جن کیلئے نیلامی میں کئی فرنچائزز میں ہوا ٹکراؤ، 17.50 کروڑ میں ہوئے فروخت

کوچی ؍ممبئی ، 23دسمبر (ہندوستان اردو ٹائمز) آئی پی ایل 2023 کی منی آکشن میں کیمرون گرین پر خوب پیسوں کی بارش ہوئی۔ کئی فرنچائزز نے آسٹریلیا کے اس آل راؤنڈر کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے پر بضد رہے ۔ رائل چیلنجرس بنگلور نے اس کرکٹر پر پہلی بولی 2 کروڑ کی بنیادی قیمت کے ساتھ لگائی۔ اس کے بعد ممبئی انڈینز نے بھی بولی لگائی۔ اس کے بعد دہلی کیپٹلس نے بھی بولی لگائی۔ آخر میں ممبئی انڈینز نے کیمرون گرین کو 17.50 کروڑ روپے میں خرید کر اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
گرین اس سیزن کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی تھے۔ ویسے کیمرون گرین آئی پی ایل کی مجموعی تاریخ کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی بھی تھے۔ یہ ریکارڈ آئی پی ایل 2023 کی منی نیلامی میں بنایا گیا تھا۔ گرین خریدنے کے لیے دہلی اور ممبئی کے درمیان مقابلہ تھا، دونوں فرنچائزز کسی بھی حالت میں گرین کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں۔ لیکن دہلی نے 17.25 کروڑ تک گرین کا تعاقب کیا۔ بعد میں ممبئی نے کیمرون گرین کو 17.50 کروڑ میں خرید کر ٹیم میں شامل کرلیا۔کیمرون گرین آسٹریلیا کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر ہیں۔
انہوں نے سال 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ 2020 میں انہوں نے 17 سے 19 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا۔ تب سے وہ مسلسل ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔ اسی سال، 2 دسمبر کو انہوں نے کینبرا میں ہندوستان کیخلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا، جبکہ 2022 میں انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز پاکستان کے خلاف کیاتھا۔ کیمرون گرین آسٹریلیا کے لیے اب تک 17 ٹیسٹ، 13 ون ڈے اور 8 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ وہ ایک تیز گیند باز بھی ہیں۔ آئی پی ایل 2023 میں وہ ممبئی انڈینز کے لیے بہت مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔