دیوبند

جامعہ مظاہرعلوم سہارنپور کی مجلس شوریٰ کا اجلاس اختتام پذیر

شعبہ تخصص فی التفسیر،شعبہ تخصص فی التجوید اور شعبہ کمپیوٹر کے باقاعدہ اجراء کی منظوری کے ساتھ کئی اہم فیصلے لئے گئے

دیوبند، 20مارچ (رضوان سلمانی) جامعہ مظاہرعلوم سہارنپور کی مجلس شوریٰ کا اجلاس اختتام پذیرشعبہ تخصص فی التفسیر،شعبہ تخصص فی التجوید اور شعبہ کمپیوٹر کے باقاعدہ اجراء کی منظوری کے ساتھ کئی اہم فیصلوں کو منظوری دی گئی ۔

تفصیل کے مطابق مدرسہ مظاہر العلوم سہارنپور کی شوریٰ کا اجلاس حکیم کلیم اللہ علی گڑھ کی زیر صدارت مدرسہ کے دارالمشورہ میں منعقد ہوا جس میںعلی گڑھ سے حکیم کلیم اللہ،رائے چوٹی آندھرا پردیش سے مولانا مفتی معصوم ثاقب،مدراس سے مولانا مفتی سبیل احمد،علی گڑھ سے غلام رافع شروانی،دہلی سے الحاج سلامت اللہ،سرساوہ سہارنپور سے مولانا محمد عارف،جامعہ کے امین عام مولانا سید محمد شاہد اور ناظم و شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل سمیت کل آٹھ اراکین شوریٰ نے شرکت کی، جبکہ بقیہ ارکان یا تو بیرونی سفر پر ہونے کے سبب شرکت نہیں کرسکے۔

اِس اجلاس شوریٰ کا 22دفعات پر مشتمل ایجنڈہ پہلے سے جاری کردیا گیا تھا جس پر میٹنگ میں غور و خوض ہوا،میٹنگ کا آغازجامعہ کے استاذ مولانا قاری سید محمد عمار کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت جامعہ کے امین عام مولانا سید محمد شاہد الحسنی نے کی، اراکین شوری نے متفقہ طور سے یہ تجویز منظور کی کہ مظاہرعلوم کی آفاقیت اور علمی وقار کے پیش نظر یہاں دیگر تخصصات کے شعبوں کی طرح مستقل طور سے شعبۂ تخصص فی التفسیر،تخصص فی التجوید بھی قائم کیا جائے،

اسی طرح حالات و ضرورت کے پیش نظر کمپیوٹر کی تعلیم کے لئے باقاعدہ شعبہ کمپیوٹر بھی قائم کیاجائے جس کے بہت سے امور گذشتہ اجلاس شوریٰ میں طے کئے جاچکے ہیں، ماہ شوال سے ان شعبوں کے باقاعدہ اجراء کا فیصلہ اور جامعہ کی متعین کردہ شرائط کے ساتھ خواہشمند طلبہ کے داخلوں کی اجازت دیدی گئی ہے۔ میٹنگ میں کتابوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرجامعہ کی مرکزی لائبریری کی وسیع دومنزلہ عمارت ناکافی ہوچکی ہے اس لئے اُس لائبریری سے متصل خالی جگہ پر تین منزلہ لائبریری کی عمارت تیار کرانے کی بھی منظوری دی گئی ہے،جامعہ کے امین عام اس کا بجٹ اور نقشہ اگلی شوریٰ میں پیش کریں گے۔

ناظمِ مکاتب مولانا مفتی سید محمد صالح نائب ناظم مدرسہ کی پیش کردہ مکاتب دینیہ کی تفصیلی رپورٹ پڑھی گئی،مجلس شوری نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا مزید کچھ نئے مکاتب کے اجراء کی اجازت دی گئی ہے۔جامعہ مظاہہر علوم کے ممتاز اور قابل فخر شعبہ ’’تخصص فی الحدیث‘‘کے متعلق طے ہوا کہ آنے والے ماہ محرم1444ہجری میں اس کا اجلاس عام کرلیا جائے اور اس شعبہ کی پچیس سالہ خدمات اور اس کی تفصیلی رپورٹ بھی شائع کی جائے۔شوریٰ کا یہ اجلاس صدر مجلس حضرت حکیم کلیم اللہ علی گڑھ کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button