جامعہ طبیہ میڈیکل کالج میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد
400مریضوں کا چیک اپ کرکے مفت دوائیاں تقسیم کی گئیں

دیوبند، 10؍ فروری (رضوان سلمانی) علاقہ کے معروف ادارہ جامعہ طبیہ میڈیکل کالج میں آج یونانی ڈے کی مناسبت سے دو روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ، اس دوران کالج میں مفت طبی کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں کالج کے ماہر ڈاکٹروں نے تقریباً 400مریضوں کا چیک اپ کیا اور انہیں مفت دوائیاں تقسیم کی گئیں۔ کیمپ کا افتتاح جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اختر سعید نے کہا کہ ہمارے کالج کی جانب سے وقتاً فوقتاً علاقہ کے مختلف گائوں اور شہر میں مفت طبی کیمپوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد یہ بھی ادارہ کی جانب سے عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پرآشوب دور میں غریب عوام کو گزر بسر میں نہایت مشکلیں پیش آرہی ہیں ، بہت سے غریب لوگ بیمار ہونے پر اچھے دواخانوں میں اپنا علاج کروانے سے قاصر ہیں ، مفت طبی سہولت فراہم کرنے پر ان غریب عوام کو کافی فائدہ پہنچتا ہے۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ناصر علی نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت کالج میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے تاکہ غریب عوام کو فائدہ حاصل ہوسکے۔ خدمت خلق اللہ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے ،جامعہ طیبہ کالج کا مقصد خدمت خلق ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کالج کی جانب سے وقتاً فوقتاً مفت طبی کیمپوں کا انعقاد کرکے غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی جاتی ہے کیوں کہ اس مہنگائی کے دو ر میں ہر انسان اپنا علاج صحیح طریقہ پر نہیں کراسکتا ہے۔ جامعہ طبیہ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احتشام الحق نے کہا کہ اس مفت طبی کیمپ میں تقریباً 400مریضوں کا چیک اپ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کالج کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کی تشخیص کرتے ہوئے ان میں مفت دوائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس فری میڈیکل کیمپ سے مقامی سیکڑوں افراد جن میں مرد وعورت اور بچے شامل تھے ،استفادہ حاصل کیا۔ جس میں مختلف بیماریوں کی تشخیص کی گئی ، فزیو تھراپی ، عورتوں کے امراض ، آنکھ ، ڈینٹل وغیرہ کے امراض کی بھی تشخیص کی گئی۔ ڈاکٹر احتشام الحق نے کہا کہ ضرورت مندوں کو وقت پر بہتر طبی امداد فراہم کرانا نہایت نیک عمل اور انسانی خدمات عظیم کار خیر ہے۔ ضرورت مند اور مستحقین کی مدد کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہنا چاہئے اور اس کے لئے جامعہ طبیہ دیوبند ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کے پیشہ سے وابستہ افراد کو چاہئے کہ انسانیت کی بنیاد پر مریضوں کے ساتھ حسن سلوک اور بہتر معاملہ کریں۔ اس مہنگائی کے دور میں مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ ڈاکٹروں کا حسن سلوک بہتر ہونا چاہئے اور ہمیں اس کا پورا خیال رکھنا چاہئے کیوں کہ لوگوں کو ڈاکٹر سے بڑی امیدیں وابستہ رہتی ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اعظم عثمانی، ڈاکٹر مزمل، ڈاکٹر فصیح صدیقی، ڈاکٹر رشدہ سعیدی، ڈاکٹر جویریہ ہاشمی، ڈاکٹر زہیب، ڈاکٹر آصف، ڈاکٹر شبلی اقبال وغیرہ نے مریضوں کا چیک اپ کیا اور مفت دوائیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر جعفر، ڈاکٹر محمد آصف، جمشید انور، صہیب علی، دانش عثمانی، جوگیندر، بلال، نشاط عثمانی، پیر جی جاوید وغیرہ موجود رہے۔