جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے لگایا گیا پانچ روزہ مفت طبی کیمپ اختتام پذیر
جامعہ طبیہ دیوبندمیں ہمیشہ خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ڈاکٹر مہندر سینی

دیوبند،27؍جولائی(رضوان سلمانی) علاقہ کے معروف میڈیکل کالج جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے گذشتہ پانچ روز سے منگلور روڑ پر کانوڑیوں کی خدمت اور انہیں ضروری میڈیکل ایڈ دینے کی غرض سے منعقدہ چار روزہ میڈیکل کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔اس موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے ایک اختتامی تقریب منعقد کی گئی اس دوران ادارہ کی انتظامیہ کی جانب سے مہمان کرام ،پولیس افسران اور صحافیو ں کو نشان اعزاز دیکر حوصلہ افزائی کی گئی ۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی نے جامعہ طبیہ کی جانب سے شیو بھگتوں کو ضروری میڈیکل ایڈ دینے کے لئے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کی جانب سے دی جانے والی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر انور سعید اور ڈاکٹر اختر سعید کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کے ذریعہ کانوڑیوں کی خدمت کے لئے لگایا گیا مفت طبی کیمپ ایک اچھا قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند وقتاً فوقتاً علاقہ میں اپنی مفت خدمات دیتا آرہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال جامعہ طبیہ کی جانب سے کانوڑیوں کی خدمت کرنے والا یہ میڈیکل کیمپ اکیلا ایسا کیمپ رہا جس میں پہلی مرتبہ کانوڑیوں کی خدمت فزیو تھیرپی کے ذریعہ کی گئی ہے جو ایک بڑی خدمت ثابت ہوئی ہے ۔ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی قدیم روایت رہی ہے کہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ہمیشہ بلا تفریق مذہب وملت تعاون کے لئے پیش پیش رہتے ہیں ۔اس طرح کے اقدامات ہی آپسی بھائی چارہ کا نظارہ پیش کرتے ہیں یہی ہمارا اتحاد واتفاق ہے اور گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کا بھی شاندار پیغام گیا ہے جس کی بھر پور طریقہ سے تقلید ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبندمیں ہمیشہ خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور جس کا مظاہرہ انہوں نے کووڈ 19کے وقت میں بھی اپنی خدمات دیکر ثابت کردیا تھا۔شہر اور آس پاس کے لوگوں کو جامعہ طبیہ دیوبند اسپتال کی جانب سے گھر گھر جاکر اور دیہی علاقوںمیں مفت میڈیکل کیمپ لگاکر کووڈ 19کے سلسلہ میں عوام کو تفصیلی معلومات دی گئی اور انہیں علاج مہیا کرایا گیا تھا جس کے لئے جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید مبارکباد کے مستحق ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی یہ ادارہ اپنی خدمات جاری رکھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ سے میرا بہت پرانا تعلق ہے اور یہ ادارہ ریاست میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ خوش نصیبی ہے علاقہ کی عوام کو ڈاکٹر انور سعید جیسے انسان ملے ہیں جو ہمیشہ عوام کی خدمت بلاتفریق مذہب وملت کرتے ہیں ۔ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ اور ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے وقتاً فوقتاً اس طرح کے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد علاقہ میں کیا جاتا رہا ہے ان کا مقصد یہی ہے کہ ادارہ کی جانب سے عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرائی جاسکیں ۔اس کیمپ میں کانوڑیوں کی خدمت کے لئے اسپتال جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے مفت ادویات ،فز یو تھیرپی ،آکسیجن اور بیڈ کا انتظامت کیا گیا تھا تاکہ کانوڑیوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو ۔انہوں نے بتایا کہ یہ میڈیکل کیمپ 24گھنٹہ خدمات انجام دیتا رہا ۔ڈاکٹر انور سعید نے کیمپ کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ اور یہاں کے عوام کی جانب سے انہیں بھرپورتعاون ملا ہے ۔ادارہ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی سمیت سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے اقدامات سے اس ملک کی قدیم گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور بھائی چارہ کو فروغ ملتا ہے
انہوں نے کانوڑ یاترا سے متعلق حکومت وانتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات اور اعلیٰ افسران سے بہتر انتظامات کئے جانے کی ستائش کی ۔کیمپ کے انچارج اور ڈائریکٹر اسپتال جامعہ طبیہ دیوبند ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے بتایا کہ کیمپ میں آنے والے تقریباً 2803کانوڑیوں فزیو تھیرپی دوائیاں ،مرہم،پین کلر جیل،سیلڈ،بینڈیڈوغیرہ مفت مہیا کرائی گئیں۔اس موقع پر ڈاکٹر انور سعید کی جانب سے بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی ،ضلع کو آپریٹیو بینک کے چیئرمین چودھری راج پال سنگھ ،ڈاکٹر سکھ پال سنگھ،سندیپ شرما ایڈوکیٹ،ارون کمار گپتا،ایس ڈی ایم دیوبندد یپک کمار،سی اورام کرن سنگھ،تحصیل دار تپن کمار،نگر پالیکا ای او دھریندر کمار ائے ،نگر پالیکا چیئرمین ضیاء الدین انصاری،تھانہ انچارج پربھاکر کینتورا ،خانقاہ پولیس چوکی انچارج بجیندر سنگھ،منگلور پولیس چوکی انچارج للت کمار،ریلوے پولیس چوکی انچارج وپن تیاگی،تھانہ انچارج سیکنڈ سراج الدین ،سی او جنیندر سنگھ،ایل آئی او محترمہ رجنی،پرویذ علی،انور انجینئر،شہر صدر وپن گرگ،وکاس تیاگی،ارون گپتا،ڈاکٹر سنجے شرما کے علاوہ صحافی حضرات کو اعزاز سے نوازا گیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر ذہیم انور ،ڈاکٹر مزمل ،ڈاکٹر محمد عارف خان،ڈاکٹر ناصر علی خان،ڈاکٹر محمد فصیح،ڈاکٹر نوید اختر،ڈاکٹر فتح علی،ڈاکٹر حماد،ڈاکٹر محمد سلیم،گوھر نبی،دانش علوی،ڈاکٹر شبلی اقبال،ارون کمار،جوکیندر،محمد بلال ،سدیش کمار،عبد القادر خاں،حافظ محمد منیر وغیرہ موجود رہے ۔