دیوبند

جامعہ طبیہ دیوبند میں یوگ فار ہیومینٹی عنوان کے تحت ’’امرت یوگ ہفتہ‘‘کا آغاز

جسم اور ذہن کو فٹ رکھنے کے لئے ورزش اور یوگ وغیرہ کا سہارا لینا ضروری ہے : ڈاکٹر انورسعید

دیوبند، 16؍ جون (رضوان سلمانی) اترپردیش حکومت کی آیوش وزارت کی ہدایات کے مطابق جامعہ طبیہ دیوبند میں یوگ فار ہیومینٹی عنوان کے تحت ’’امرت یوگ ہفتہ‘‘کا انعقاد کیا گیا ۔یہ پروگرام آئندہ 21؍جون تک جاری رہے گا۔اس دوران حکومت کی ہدایات کے مطابق ایک لاکھ لوگوں کو یوگ پروگرام سے منسلک کیا جائے گا ۔اس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ موجودہ دور کی نہایت مصروف زندگی کے باعث ہماری صحت اور جسمانی نظام پیچید گیوں کی آماجگاہ بن چکا ہے

لہٰذا جسم اور ذہن کو فٹ اور درست رکھنے کے لئے روزانہ ورزش اور یوگ وغیرہ کا سہارا لینا ضروری ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جسمانی ورزش انسان کی صحت اور تندرستی کو بہتر بنائے رکھنے کے لئے نہایت ضروری ہے ۔ڈاکٹر انورسعید نے کہا کہ یوگ یا ورزش کسی مخصوص طبقہ یا کسی خاص ملک کا پروگرام نہیں ہے بلکہ اب وزیر اعظم کی کوششوں سے یوگ پر پروگرام دنیا کے مختلف ممالک میں اپنا یاجاچکا ہے اور مسلسل پوری دنیا کے لوگ اس کو عملی طور سے اپنارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ تمام باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے لوگوں میں یوگ اور ورزش کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے لئے جو پروگرام چلایا جارہا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔

ڈاکٹر انور سعید نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت وتندرستی کو برقرار رکھنے کے لئے اس پروگرام کو اپنی روز مرہ کی زندگی میں ضرور شامل کریں۔ڈاکٹر انور سعید نے بتایا کہ جامعہ طبیہ دیوبند میں منعقدہ یوگ پروگرام کے تحت اس ہفتہ کے پہلے دن ڈاکٹر محمد آصف نے 338لوگوں کو یوگ سے متعلق ورزش کرائی ۔اس طرح گزشتہ روز جامعہ طبیہ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے اسپتال کے ملازمین اور مریضوں سمیت 180لوگوں کو یوگ کی مشق کرائی۔اس پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے 16؍جون جمعرات کے روز جامعہ کے فارمیسی کالج کے رکن فیضی نے ملازمین کے ساتھ طلبہ وطالبات سمیت 210افراد کو ورزش اور یوگ کی مشق کرائی ۔

ڈاکٹر انور سعید نے بتایا کہ جامعہ طبیہ میں ہونے والے یوگ کے اس پروگرام کے علاوہ ادارہ کی جانب سے یوگ سے متعلق مختلف ٹیمیں تشکیل دیکر دیوبند اور آس پاس کے علاقوں میں بھی امرت یوگ ہفتہ کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو منسلک کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ 21؍جون 2022تک بین الاقوامی یوگ دوس کے اختتام تک جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو یوگ سے منسلک کرنے کے لئے سرگرمی کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ اس پروگرام کے اختتام تک وہ اور ان کی تشکیل کردہ یوگ کی ٹیمیں لاکھوں لوگوں کو یوگ سے منسلک کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button