جامعہ طبیہ دیوبند میں بی یو ایم ایس کے طلبہ کے انڈکشن پروگرام کا آغاز
پورے ہندوستان میں یونانی طب کے میدان میں جامعہ طبیہ دیوبند کا اپنا منفرد مقام ہے۔ڈاکٹر متھلیش ورما

دیوبند، 11؍ اپریل (رضوان سلمانی) جامعہ طبیہ دیوبند میں تعلیمی سال 2021-22سے متعلق ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔اس پروگرام میں سال اول کے بی یو ایم ایس کے طلبہ وطالبات کی کلاسز کے انڈکشن پروگرام کا آغاز کیاگیا اور این سی آئی ایس ایم نئی دہلی کے ہدایات کے مطابق 11؍اپریل سے 30؍اپریل تک ثقافتی پروگراموں کو منعقد کئے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔اس پروگرام میں چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ کے ڈین ڈاکٹر متھلیش ورما نے بطو ر مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ گیسٹ آف آنرکی حیثیت سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروووسٹ ڈاکٹر بی ڈی خان موجود رہے ۔
پروگرام کا افتتاح ڈاکٹ متھلیش ورما اور ڈاکٹر بی ڈی خان نے مشترکہ طور سے کیا ۔پروگرام کی ابتداء ہشیم انور کی تلاوت کلام پاک سے کی گئی ،اس موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے نئے داخل شدہ طلبہ وطالبات اور ان کے والدین وسرپرستوں کو یونانی طب کے فروغ کے لئے حکومت کی طرف سے جاری پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اور ایس سی آئی ایس ایم نے یونانی طب کو فروغ دینے کے لئے متعدد پروگرام چلائے ہیں اور اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے انڈکشن پروگرام کا انعقاد قابل ستائش ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس انعقاد کے ذریعہ سے نئے داخل شدہ طالب علموں اور ان کے سرپرستوں کو کالج سے متعلق تفصیلات معلوم ہوسکیں گی۔ڈاکٹر انور سعید نے ادارہ کے قیام اور کارکردگی کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر متھلیش ورما نے طلبہ وطالبات کو بہتر مستقبل کی خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب لوگوں کو این سی آئی ایس ایم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اپنی تعلیم کو آگے بڑھانا ہے ۔بعد ازاں انہوں نے پورے ادارہ خاص طور پر اسپتال کا معائنہ کیا اور کہا کہ اترپردیش میں ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان میں یونانی طب کے میدان میں جامعہ طبیہ دیوبند کا اپنا منفرد مقام ہے ۔پروگرام کے مہمان ذی وقار ڈاکٹر بی ڈی خان نے بھی طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پروگرام سے بھر پور استفادہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ یونانی اور آیورویدک کالجوں میں ایسا پہلا ادارہ ہے جس نے این سی آئی ایس ایم کی جانب سے جاری ہدایات پر سب سے پہلے عمل آوری شروع کی ہے ۔
جس کے لئے کالج کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید اور پورا اسٹاف قابل مبارکباد ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں سے تعلیم حاصل کرکے دوسروں تک پہنچانا اپنا فرض عین سمجھیں ۔ادارہ کے پرنسپل ڈاکٹر ناصر علی نے طلبہ وطالبات سے نئی گائڈ لائن کے مطابق تعلیم کو جاری رکھنے کی اپیل کی اس سے قبل ڈاکٹر انور سعید نے مہمان خصوصی اور مہمان ذی وقار کا شال اوڑھا کر اور پھولوں کے گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا ۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے انجام دئیے ۔پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر انور سعید نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے دوران ڈاکٹر محمد فصیح ،ڈاکٹر فخر الاسلام،ڈاکٹر شائستہ پروین،ڈاکٹر ریحانہ علوی،ڈاکٹر رفعت علی میر،ڈاکٹر محفوظ احمد،ڈاکٹر نوید اختر،ڈاکٹر سلیم الرحمن،ڈاکٹ محمد فرقان،ڈاکٹر محمد آصف،ڈاکٹر محمد اعظم عثمانی،ڈاکٹر مزمل،ڈاکٹر بے نظیر خانم،ڈاکٹر آمنہ،ڈاکٹر شبلی اقبال،محمد جاویدودیگر اسٹاف کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات موجود رہے۔