دیوبند

جامعہ دارالعلوم اسعدیہ للبنات سرساوہ اور جامعہ الہدایہ و الہدایہ پبلک اسکول میںیوم جمہوریہ کے موقع پر بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے

دیوبند 27؍جنوری (رضوان سلمانی) علاقہ میں یوم جمہوریہ جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ، تعلیمی اداروں میں بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔جامعہ دارالعلوم اسعدیہ للبنات سرساوہ میں سابقہ روایات کی طرح یوم جمہوریہ جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ، مقامی سیاسی وسماجی لیڈران کی موجودگی میں جامعہ کے ناظم اعلیٰ مفتی احمد قاسمی، مولانا عثمان خورشیدی ومعلمات جامعہ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی ۔ اس کے بعد طالبات نے حب الوطنی سے متعلق ثقافتی پروگرام پیش کئے ، معصوم بچیوں نے یوم جمہوریہ کے عنوان سے گیت پیش کئے اور ساتھ ہی ساتھ اردو عربی اور انگلش میں بچیوں نے تقریریں پیش کیں ۔

اس موقع پر مفتی احمد قاسمی اور مولانا عثمان خورشیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی بقا کے لئے ہمیں کوشش ومحنت کرنی ہوگی ۔ ملک میں جمہوری حکومت کے نفاذ کے لئے ہمارے اکابرین نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش اور آب ِ زر سے لکھے جانے کے لائق ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ مسلمانوں کو جنگ آزادی کی تحریک میں اپنے بزرگوں کے کردار کو عوام کے سامنے نمایاں کرنے کی ذمہ داری خود مسلمانوں کی ہی ہے، انہیں اس بات کے اوپر منحصر نہیں رہنا چاہئے کہ ہمارے آباء واجداد کی تاریخ دوسرے لوگ کریں گے ۔ آج کا یہ پروگرام ہمارے لئے بہت ساری خوشیاں لے کر آیا ہے ،ہمیں آپسی اتحاد کی فضا کو قائم رکھنا ہے۔

اس موقع پر مدرسہ کا جملہ اسٹاف موجود رہا۔ دوسری جانب جامعہ الہدایہ و الہدایہ پبلک اسکول میں یوم جمہوریہ کے موقع پر باوقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ، جس میں بچوں نے بہت ہی دلکش حب الوطبی کی مناسبت سے مختلف پروگرامات پیش کئے گئے، پروگرام میں ہندو مسلم سربراہان نے شرکت کرکے بتایا کہ ملک کی آزادی ہند و اور مسلمانوں کی مشترکہ جدوجہد اور قربانیوں کانتیجہ ہے۔پروگرام سے قبل طلبائوطالبات کے علاقہ کے معزز لوگوں نے ترنگا ریلی نکالی۔ چرتھاول نگلہ راعی کے جامعہ الہدایہ جامعہ نگر میں پرچم کشائی جمعیۃ علماء مغربی اترپردیش کے نائب صدرحافظ محمد فرقان اسعدی وپردھان محمد افسروں کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ مہمان خصوصی اسمبلی رکن پنکج ملک نے کہا کہ جنگ آزادی میں سبھی مذاہب کے سرکردہ افراد نے قربانیاں دیکر انگریزوں کی غلامی سے وطن عزیز کو آزاد کرایا تھا،یہ آزادی کسی ایک طبقہ کے لئے نہیں بلکہ ہندوستان کی تمام عوام کے لئے تھی،انہوںنے کہا کہ آزادی ہند میں مسلمانوں کی قربانیاں برادران وطن سے کم نہیں ہیں، سبھی کی متحدہ کوششوں کے بعد ہی ملک انگریزوں کی کی غلامی سے نکلا تھا، انہوں نے علماء دیوبند سمیت مسلمانوں کی قربانیوں اور جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

حافظ محمد فرقان اسعدی نائب صدر جمعیۃ علماء مغربی اترپردیش نے کہاکہ یہ دن ہمارا قومی تیوہار ہے، جس کو ہم سبھی بلا تفریق مذہب پورے جوش وجذبہ کے ساتھ مناتے ہیں، لیکن ہمیں ان مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو بھی یاد کرناچاہئے جن کی بدولت آج ہم کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو انگریزوں کے تسلط آزادی دلانے میں اکیلے کسی بھی سماج، مذہب کے لوگوں کا کردار نہیں بلکہ جہاں مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو، سبھاش چندر بوس، شہید بھگت سنگھ،کی قربانیاں تھیں تو ان کے ساتھ ساتھ عطاء اللہ شاہ بخاری، مولانا سندھی، شیخ الہند مولانا محمود الحسن دیوبندی، شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی، مولانا ابوالکلام آزاد، اشفاق اللہ خاں،سمیت علمائکی بڑی جماعت اس میں شامل تھی،انہوں نے آزادی سے دارالعلوم دیوبند، وجمعیۃ علمائہند کے بنیادی مقاصد پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی،نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ آ ج ایسی سوچ وفکر ملک کے سیکولزم کے مضبوط ڈھانچے کو تہس نہس کرنے پر آمادہ ہے جس کا جنگ آزادی میں کوئی رول نہیں ۔

مولانا موسیٰ قاسمی ڈائریکٹر جامعہ الہد ایہ نے کہا کہ ہمیں تعلیم کواپنا مستقل ایجنڈا بناکر اس پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہترین موقع ہے جس کو ہم اپنے لئے استعمال کرسکتے ہیں، آج ہمیں ایسے اداروں کی شدید ضرورت ہے جہاں دینی اور عصری،ٹیکنکل تعلیم کا مضبوط بندوبست ہو،انہوںنے کہا کہ اصل آزادی اسی وقت ملے گی جب ہم نفرتی سیاست کے خلاف مل جل کر قربانی دینگے،انہوںنے کہا کہ آ نے والا وقت ٹیکنکل دور کا ہے، ہمیں اپنے بچوں کو دینی اور عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کی تعلیم سے بھی منظم طور سے آراستہ کرنا ہوگا۔ مولانا احسان الحق قاسمی نے آخر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پنڈت راج کشور شرما، پردھان محمد افسرون، قاری شعیب عالم، قاری شا ہنواز، حاجی مطلوب راعین،صبیحہ خانم، آفرین تیاگی، موجود رہے۔اُدھر محلہ خانقاہ میں واقع ایم ایم پبلک اسکول میں پرچم کشائی عفت فاطمہ نے کی جس کے بعد بچوں نے اسکول میں ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔

اس موقع پر ادارہ کی پرنسپل عفت فاطمہ نے کہا کہ یہ ہمارے لئے آج کا دن بڑی خوشی کا دن ہے ۔ آج ہم آزادی کی کھلی ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ہمیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو یاد کرتے رہنا چاہئے۔ اس موقع پر اسکول اسٹاف موجود رہا۔ اُدھر جامعہ صدیقیہ روضۃ العلوم للبنات میں بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر طالبات نے مختلف قسم کے تہذیبی ، ثقافتی وتعلیمی پروگرام پیش کئے جس میں انسانی حقوق کی حفاظت کرنے اور ملک کے تحفظ میں اپنی جان قربان کرنے کے جذبہ سے سرشار ، چھوٹی چھوٹی بچیوں نے پروگرام پیش کئے ، اسی طرح دورہ حدیث شریف کی طالبات نگار غوری، مسکان، اقرا نے حب الوطنی ترانے پیش کئے ۔ اس موقع پر مدرسہ کے ناظم مفتی رئیس احمد ازہری ، مدرسہ کے مہتمم محمد احمد وغیرہ موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button